باغ (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے آزاد کشمیر کی پہلی فرانزک لیب کا ارجہ کے مقام پر سنگ بنیاد رکھا دیا، اس موقع پر ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض احمد، وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی، آئی جی آزاد کشمیر سہیل حبیب تاجک و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کاویژن ہے کہ پولیس کو سیاست سے پاک بنایا جائے، وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر پولیس ریفارمز پر کام جاری ہے۔
آزاد کشمیر پولیس کو ماڈل پولیس بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ میں پہلا ویمن پولیس اسٹیشن اور اب فرانزک لیب کا افتتاح بھی اسی ویژن کی عکاسی کر رہا ہے، ریاست کو جرائم سے پاک کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ، وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ فرانزک لیب کا قیام ایک انقلابی اقدام ہے، اس کے قیام سے جہاں تفتیش کا عمل تیز ہو گا وہیں ریاست کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی، اس سے قبل آزاد کشمیر پولیس کو فرانزک کیلئے اسلام آباد یا لاہور سے مدد لینی پڑتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہو گا،
وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے فرانزک لیب کے جلد قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے، عوام کے جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے آئی جی پولیس کی کارکردگی کو بھی سراہا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں