سیاحت کا فروغ ترجیحات میں شامل ہے ،انفراسٹرکچر کا بہترین نیٹ ورک بنائیں گے،وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کابینہ کے اجلاس سے خطاب

مظفرآباد(پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان آزادکشمیر کی برق رفتار ترقی کے لیے پُر عزم ہیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق اقتدار کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کیلئے آئندہ سال جون سے قبل بلدیاتی انتخابات کروائیں گے۔سیاحت کا فروغ ترجیحات میں شامل ہے اس کے لیے انفراسٹرکچر کا بہترین نیٹ ورک بنائیں گے۔ 500 ارب کے پیکج کو ریاست کی فلاح وبہبود کے لیے استعمال کریں گے۔

تمام محکموں کو برق رفتاری سے کام کرنا ہوگا۔ آزادکشمیر کا کوئی علاقہ نظر انداز نہیں ہو گا، ماضی میں جن علاقوں کو نظر انداز کیا گیا ان کی محرومیوں کا بھرپور ازالہ کریں گے۔ تمام منصوبے بروقت مکمل ہو ں گے تو ریاستی خزانے پر بوجھ کم پڑے گا۔کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان آزاکشمیر کی تعمیرو ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو کشمیریوں سے بے انتہا ہمدرد ی رکھتے ہیں اور آزادخطہ کو ترقی یافتہ بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کریں گے تاکہ نوجوانوں کو پڑھائی کے ساتھ ساتھ ہنر مند بنایا جائے جو بے روزگاری کی کمی میں مددگار ثابت ہو گا۔ منصوبوں میں سست روی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا اور منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اللہ پاک نے تحریک انصاف کو موقع دیا ہے تو ایک مثالی حکومت بن کر دیکھائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم معائنہ عملدرآمد کمیشن کو با اختیار بنائیں گے۔ گزشتہ حکومت صرف تختیاں لگاتی رہی، ماضی کی حکومتوں کے برعکس عملی اور مثالی کام کر کے دیکھائیں گے۔ گزشتہ حکومت کے اچھے کاموں کو جاری رکھا جائے گا لیکن ریاست اور عوام کے مفاد کے خلاف تمام اقداما ت کو منسوخ کریں گے۔ گزشتہ حکومت نے جاتے جاتے ہر وہ کام کرنے کی کوشش کی جو آنے والی حکومت کے لیے مشکلات پیدا کرے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close