مظفرآباد(پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر کابینہ کا ایڈھاک ایکٹ2021 کو آرڈیننس کے ذریعے ختم کرنے کا فیصلہ۔ کابینہ کا آزادخطہ کی تعمیر وترقی کیلئے کشمیر ڈویلپمنٹ پیکج شروع کرنے، بلدیاتی الیکشن آئندہ سال جون سے قبل کروانے اور سرکاری ملازمین کے ڈیٹھ پیکج کو پنجاب کے برابر کرنے کا فیصلہ۔
وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات، قانو ن انصاف وپارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی اور وزیرپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری محمد رشید نے کہاکہ ایڈھاک ایکٹ گزشتہ حکومت کا امتیازی قانون تھا جس کے ذریعے مخصوص لوگوں کو نوازا گیا تھا۔ ایڈھاک ایکٹ کو ختم کرنے کیلئے آرڈیننس لایا گیا ہے۔ احتساب ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے کابینہ سب کمیٹی کی سفارشات تیار ہیں جنہیں آئندہ کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے ریاست کیلئے اعلان کردہ500ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کیلئے سینئر وزیر سردار تنویر الیاس کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، کمیٹی ریاست میں میگا پراجیکٹس اور انتخابی حلقوں میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبہ جات کی ضرورت کا جائزہ لے گی۔ اس پیکج کے تحت مانسہرہ ایکسپریس وے، مختلف ٹنلز کی تعمیر، مری سے آگے ایکسپریس وے کی تعمیر، نوری نار شاردہ ٹنل و31کلو میٹر روڈ،لیپہ ٹنل، بین الاضلاعی منصوبہ جات، زراعت، لائیو سٹاک، سکل ڈویلپمنٹ اور سیاحت کے منصوبہ جات شروع کیے جائیں گے۔ اس ترقیاتی پیکج کو حتمی شکل دینے کیلئے وزیراعظم پاکستان سے وزیراعظم آزادکشمیر جمعہ کے روز اس سلسلہ میں ملاقات کریں گے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان اس ترقیاتی پیکج کو حتمی شکل دینے کیلئے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ کابینہ نے تھرڈ پارٹی ریکروٹمنٹ کیلئے بھی کمیٹی بنا دی جس میں وزیر اطلاعات، وزیر تعلیم اور سیکرٹری قانون شامل ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں