یوم سیاہ کے موقع پر وزیر اطلاعات آزاد کشمیر سردار فہیم اختر ربانی کا پیغام

مظفرآباد(پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات، قانون‘ انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی نے کہا ہے کہ 27اکتوبر1947ء کو ہندوستان نے کشمیرمیں اپنی فوجیں داخل کرتے ہوئے کشمیریوں کے حقوق پر شپ و خون مارا اورگزشتہ سات دہائیوں سے مقبوضہ کشمیرمیں ظلم و جبر کی انتہا کر رکھی ہے۔

ہندوستانی قابض فورسز کے ظالمانہ ہتھکنڈوں اوربدترین ظلم و جبر کے سامنے کشمیری نہ اپنے حق خود ارادیت کے مطالبہ سے پیچھے ہیں اور نہ ہی ان کے پائیہ استقلال میں لغزش نہیں آئی ہے۔ عالمی برادری سے وعدوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود ہندوستان اپنے وعدے پورے کرنے سے انکاری ہے۔ وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ اقوام متحدہ، عالمی برادری اور مہذب دنیا مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم بند کروانے اورکشمیریوں کو انکا حق حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے تمام انسانی اقدار کو پس پشت ڈال دیا ہے اور نہتے کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کی انتہاء کر دی ہے۔انہوں نے کہاکہ پانچ اگست 2019کے بعد حکومت پاکستان نے کشمیریوں کا مقدمہ مدلل انداز میں دنیا کے سامنے رکھا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر جاندار انداز میں کشمیریوں کی آواز کو بلند کیا۔حکومت پاکستان کے اقدامات کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اقوام عالم کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہیں اور ہندوستان کے مکروہ عزائم کا پردہ دنیا کے سامنے چاک ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان جتنا بھی ظلم کر لے وہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کچل نہیں سکتا۔آزادی کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔’

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close