آزادکشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کامالی سال 2021-22کا دوسرا اجلاس، اہم منصوبوں پر غور

مظفرآباد(پی آئی ڈی) آزادکشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کامالی سال 2021-22کا دوسرا اجلاس منگل کے روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں متعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان،سربراہا ن محکمہ جات، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے افسران نے شرکت کی جبکہ حکومت پاکستان کے نمائندگان نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں محکمہ زراعت، جنگلات، ماحولیات، صحت، صنعت و حرفت، ہائر ایجوکیشن، برقیات /ہائیڈل، رسل و رسائل، فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ، ترقیاتی ادارہ جات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ترقی نسواں کے 04ارب 84کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 28منصوبہ جات زیر غور لائے گئے۔ ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں جن اہم منصوبہ جات کو زیر غور لایا گیا ان میں محکمہ لائیو سٹاک کے تحت آزادکشمیر میں گائے کی اعلیٰ نسل کی افزائش، محکمہ جنگلات کے تحت جنگلات کی حد بندی، آزادکشمیر کے جنگلات کی حفاظت کے اقدامات، محکمہ ماحولیات کے تحت آزادکشمیر میں نکاسی ریت وکان کنی کی وجہ سے دریاؤں اور نہروں پر ماحولیاتی اثرات کا جائزہ و مناسب اقدامات کا مطالعہ، ماحولیاتی نظم و نسق اور مانیٹرنگ کے نظام کی ترویج،محکمہ صحت کے تحت ریاست کے بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی ادویات کی فراہمی کے منصوبہ جات شامل تھے۔

ان منصوبہ جات کے علاوہ محکمہ ہائر ایجوکیشن کے زیر اہتمام ضلع مظفرآباد میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے ہاسٹل کی تزین و آرائش اور آزادکشمیر کے کالجز میں بائیو میٹرک سسٹم کی تنصیب، محکمہ برقیات /ہائیڈل کے تحت سماہنی اور سہنسہ میں 135کلو واٹ گریڈ سٹیشنز کی تعمیر اور 3.22میگا واٹ نڑدجیاں ہائیڈل پاور پراجیکٹ، محکمہ شاہرات کے زیر انتظام 34کلومیٹر سڑکات کی تعمیر، بہترگی و پختگی کے اہم منصوبہ جات جن میں ضلع کوٹلی میں تتہ پانی بائی پاس روڈ ضلع نیلم میں جاگراں ریزارٹ تا کٹن روڈ، کیل تا تاؤبٹ روڈ، چوگلی، بنگی موسیٰ روڈ اور ضلع پونچھ میں بنگراں تتہ پانی تا ٹھنڈالاں مکی مسجد لنک روڈ کی سڑکات کے منصوبہ جات بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھے۔ علاوہ ازیں محکمہ فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ کے تحت ضلع مظفرآباد میں جیل بلڈنگ کی تعمیر، آزاد جموں وکشمیر میں عدالت العالیہ اور عدالت العظمیٰ میں سہولیات کی فراہمی /تعمیر، عدالت العالیہ میں لفٹ کی فراہمی اور ضلع کوٹلی میں پانی کے معیار اور مقدار میں بہتری کا انتظام، ترقیاتی ادارہ جات میں RCDPکے تحت زمین کے معاوضہ جات کی ادائیگی اور محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت آزاد کشمیر ویب پورٹل اور E-Facilitationسنٹر کے قیام کے منصوبہ جات بھی اجلاس میں زیر غور لائے گئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبہ جات کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔ غیر ضروری توسیع سے گریز کیا جائے اور سیکرٹری صاحبان منصوبہ جات کی بروقت و شفاف تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ جات کی پلاننگ کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھا جائے کہ ان سے لوگوں کو فائدہ ہو۔ عوامی ضرورت کو مد نظر رکھ کر منصوبہ جات ڈیزائن کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات اپنے PC-1مکمل کر کے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو ارسال کریں تاکہ ان پر بروقت کارروائی ممکن ہو سکے اور مالی سال کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں