راجہ فاروق حیدر خان الیکشن ہارنے کے غم سے ابھی تک باہر نہیں آسکے،وزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی میدان میں آ گئے

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،قانون،انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی نے کہا ہے کہ راجہ فاروق حیدر خان الیکشن ہارنے کے غم سے ابھی تک باہر نہیں آسکے۔ سابق وزیر اعظم اپنی حکومت کی ناکامیاں دوسروں پر الزام لگا کر نہیں چھپا سکتے۔ عوام نے راجہ فاروق حیدر خان اور ان کی جماعت کو مسترد کر دیا ہے۔

ریاست کے چیف ایگزیکٹو کے خلاف ہرزہ سرائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔کابینہ اراکین وزیراعظم کی قیادت میں متحد و منظم ہیں۔ 28اکتوبر کو کابینہ اجلاس میں تمام اراکین شریک ہوں گے۔ سابق وزیرا عظم دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے اپنے گریباں میں جھانکیں۔مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ عوام کا پیسہ لوٹ کر ملک سے فرار ہو گئی ہے اور برطانیہ میں عیاشیوں میں مصروف ہے۔ تحریک انصاف جمہوری جماعت ہے جس کے فیصلے عوام امنگوں کے مطابق ہوتے ہیں۔ وزیرا عظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کشمیریوں کے وکیل ہیں، عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم نامزد کیا جنہیں پوری کابینہ اور پارلیمانی پارٹی کا اعتماد حاصل ہے۔

سردار عبدالقیوم نیازی گزشتہ حکومت کی ناکامیوں کا ازالہ کرنے میں مصروف ہیں۔پوری کابینہ وزیراعظم کی پشت پر ہے۔ راجہ فاروق حیدر کی کابینہ میں اختلاف کی خواہش اندھے کا خواب ہے۔ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے اور تحریک انصاف ایک جمہوری جماعت ہے۔سابق وزیراعظم اپنے دور کی نالائقیوں اور نااہلیوں کو چھپانے کے لیے بیرون ملک جا کر ڈھنڈورہ پیٹنا چھوڑ دیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کے روز سابق وزیرا عظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی جانب سے وزیرا عظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی اور تحریک انصاف کے حوالہ سے برطانیہ میں میڈیا انٹرویو پر اپنے ردعمل میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے وکیل اور محسن ہیں۔ سابق وزیراعظم کو عمران خان نے ان کی اوقات یاد دلائی جس کی وجہ سے وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔

فاروق حیدر اگر اتنے ہی بہتر وزیراعظم ہوتے تو عوام ان کی جماعت کو اتنی بری طرح نہ مسترد کرتی۔انہوں نے کہا کہ وقت ثابت کرے گا کہ سردار عبدالقیوم نیازی آزادکشمیر کے سب سے کامیاب وزیر اعظم ہیں۔ مسلم لیگ ن کے دور کی کرپشن کا جائزہ لے رہے ہیں۔ احتساب ایکٹ میں ترمیم کا سن کر فاروق حیدر خوفزدہ ہیں۔ بدعنوان عناصر کی چیخیں بتا رہی ہیں کہ آزادکشمیر میں بھی احتساب کا عمل شروع ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کابینہ وزیرا عظم کی قیادت میں متحدو منظم ہے اور ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کے لیے سرگرم عمل ہے۔ منظم منصوبہ بندی کے تحت اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں تاکہ ماضی کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ قانون کی عملداری اور گڈ گورننس کا قیام ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جلد تبدیلی محسوس کریں گے ہمارا مشن عوام کی خدمت ہے مخالفین کے پاس اپنی کوئی کارکردگی نہیں جس کی وجہ سے وہ بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ عوام اتنے بے وقوف نہیں ہیں، انہیں گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close