پیپلز پارٹی آزادکشمیر کا مہنگائی کے خلاف ریاست بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان، 29 اکتوبر بعد نماز جمعہ تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر احتجاج کیا جائے گا

بھمبر (پی این آئی) پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے مہنگائی کے خلاف 29 اکتوبر بعد از جمعہ المبارک آزادکشمیر بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا اس امر کا اعلان پیپلز پارٹی ازادکشمیر کے قائمقام صدر چوہدری پرویز اشرف نے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی کال کے مطابق ملک بھر کی طرحیہ بھمبر، مظفرآباد، جہلم ویلی، نیلم ویلی، باغ، راولاکوٹ، میرپور کوٹلی،

سدھنوتی اور حویلی سمیت تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر احتجاج کیا جائیگا۔ چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آزادکشمیر بھر میں سلیکٹڈ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف عوام سڑکوں پر نکلیں گے پیپلز پارٹی ازادکشمیر کے سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور نے اس ضمن میں ازادکشمیر کے تمام ضلعی صدور کو پارٹی قیادت کا پیغام دے دیا ہے اور اپیل کی ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کال کو کامیاب بنانے کیلئے تمام جیالے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور آزادکشمیر اور پاکستان میں نالائق حکومت سے جتنا جلد ہو چھٹکارا حاصل کریں جنہوں نے غریب آدمی پر زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے کہا ہے کہ عوام دشمن حکومت نے انتقامی کارروائیوں، کرپشن لاقانونیت اور غیر ذمہ داری کی انتہا کر رکھی ہے ہم مہنگائی کے خلاف منظم انداز میں آزادکشمیر بھر میں تحریک چلائیں گے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close