ٹمبر مافیا کے خلاف شکنجہ سخت کیا جائے، جنگلات کی کٹائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی، وزیر اعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ ریاست کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے اور آنے والی نسلوں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے جنگلات میں اضافہ اورانکی حفاظت ناگزیر ہے۔جنگلات کی کٹائی ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ ساتھ زمینی کٹاؤ،بارشوں میں کمی اور گلوبل وارمنگ کا سبب بن رہی ہے۔

ٹمبر مافیا کے خلاف شکنجہ سخت کیا جائے، جنگلات کی کٹائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ شجرکاری کرناہوگی۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے بچنے کیلئے سب سے بہترین اقدامات وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کیے اور دنیا بھر میں ان اقدامات کی تعریف کی گئی۔وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے تحت ریاست میں زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ریاست کو سرسبز و شاداب بنائیں گے۔سالانہ ترقیاتی پروگرام میں محکمہ جنگلات کے فنڈز میں اضافہ کررہے ہیں۔

گزشتہ دس سالوں میں محکمہ جنگلات عدم توجہی کا شکار رہا۔ ہم سب نے ملکر ریاست کی خدمت کرنی ہے۔اداروں کی بہتری کیلئے تمام وسائل فراہم کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنگلات فیاض علی عباسی کی جانب سے دی گئی محکمانہ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر جنگلات محمد اکمل حسین سرگالہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ جس رفتار سے کرہ ارض کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اس سے بچنے کا واحد طریقہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔

درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے درخت لگا کر اسکی حفاظت کرنا بھی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کے کٹاؤ سے نہ صرف قدرتی ماحول پر بلکہ انسانوں اور جنگلی حیات پر بھی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ جنگلات کی کٹائی کو روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ عوام کی بھی اس سلسلہ میں ذمہ داری ہے کہ وہ جنگلات کی کٹائی کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور ٹمبر مافیا کی نشاندہی کرکے جنگلات کے عملے کے ساتھ تعاون کریں۔ وزیراعظم آزادجموں وکشمیر نے ہدایت کی کہ بلین ٹری سونامی پراجیکٹ میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے اوربلین ٹری سونامی پراجیکٹ کی موثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close