مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اطلاعات،قانون،انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سچی تعلیمات کے نتیجہ میں آنے والے وقت میں ایک ایسا معاشرہ تشکیل پا گیا جس میں عدل و انصاف،مساوات،بھائی چارہ کی فضا ء قائم ہو گئی۔موجودہ عالمی حالات اور خطے میں پڑنے والے ممکنہ اثرات کے پیش نظر حضور ﷺ کی تعلیمات اور ان کی اہمیت پہلے سے کئی زیادہ ہے اسی وجہ سے آزادکشمیرمیں پہلی مرتبہ عشرہ رحمت اللعالمین سرکاری سطح پر منایا جا رہا ہے۔
ہمیں باہمی اعتماد اور یکجہتی کا جو درس اسلام نے دیا ہے ان کو اپناتے ہوئے ہمیں علاقائی،گروہی،فرقہ وارانہ اور لسانی جھگڑوں کو یکسر ختم کر دینا چاہیے۔وزیر اطلاعات نے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے مقدس دن مقبوضہ کشمیر،فلسطین اور دنیا کے دیگر خطوں میں ہمارے مسلمان بھائی اور بہنیں اسلام کی سربلندی،اپنی بقاء اور آزادی کے لیے اپنے خون کا نذرانہ دے کر اسلام کی شمع کو روشن کئے ہوئے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں عوام بھارت کے مظالم کا پوری جواں مردی،جرات اور عزم صمیم کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں اور صبر و استقامت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام کے ابدی دشمن کے ہر ظلم کے سامنے سینہ سپر ہیں۔ہمارے مقبوضہ کشمیر کے عوام نے تحریک آزادی کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔آج ہم پھر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے انہیں سلام پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کے کشمیری عوام کے مصائب کی سیاہ رات ختم ہونے والی ہے اور کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول کی کوششوں میں ضرور کامیاب و کامران ہوں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں