آزاد کشمیر،عید میلاد النبیؐ، حضور اکرم ﷺ کی زندگی بنی نوع انسان کے لیے ایک نمونہ اور مثال کی حیثیت رکھتی ہے ، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا پیغام

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے جشن عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی زندگی بنی نوع انسان کے لیے ایک نمونہ اور مثال کی حیثیت رکھتی ہے اور رہتی دنیا تک مشعل راہ ہے۔اسلام ہمیں قربانی کا درس دیتا ہے۔ دین اسلام کی سربلندی کے لیے بڑ ی سے بڑی قربانی دینے سے دریغ نہیں کر نا چاہیے اور صبر و استقامت کا دامن کبھی ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہیے۔

آزادکشمیر بھرمیں عشرہ رحمت اللعالمین مذہبی جو ش و خروش سے منایا جا رہا ہے تاکہ سیرت مصطفیﷺ کو اجاگر کیا جائے اور مسلمان اپنی زندگیاں تعلیمات محمدی کے مطابق ڈھالیں۔12ربیع الاول کے مقدس دن کے موقع پر مقبوضہ کشمیر،فلسطین اور دنیا کے دیگر خطوں میں ہمارے مسلمان بھائی اور بہنیں اسلام کی سربلندی،اپنی بقاء اور آزادی کے لیے اپنے خون کا نذرانہ دے کر اسلام کی شمع کو روشن کئے ہوئے ہیں۔کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی بہت پرانی ہے جو خود کشمیریوں نے شروع کی ہے۔کشمیری عوام نے اپنے اسلاف کے کارناموں کو نہ صرف زندہ رکھا بلکہ جدوجہد سے ساری دنیا پر یہ ثابت کر دیا کہ کشمیری عوام مر مٹ سکتے ہیں لیکن اپنے پیدائشی حق،حق خودارادیت سے کبھی دستبردار نہیں ہو سکتے۔کشمیری عوام نے حضور اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں پر عمل کرتے ہوئے یہ ثابت کیا کہ تحریک آزادی کے لیے بے پناہ قربانیاں دینا جانتے ہیں اور آزادی کی تحریک کی کامیابی تک قربانی دینے کا عزم رکھتے ہیں۔وہ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اور کسی بھی قیمت پر وہ اپنے بنیادی حق،حق خودارادیت کے حصول تک باطل کے آگے نہیں جھکیں گے۔مسلمان کٹ تو سکتا ہے لیکن جھک نہیں سکتا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں