سابق وزیراعظم کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال، پورا ملک سوگ میں ڈوب گیا

کوٹلی (پی این آئی) آزاد کشمیر کے بزرگ سیاست دان، سابق وزیر اعظم و صدر سردار سکندر حیات انتقال کر گئے, پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان نے سینئر سیاست دان کی نا گہانی موت کو ایک عظیم سانحہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ سردار سکندر حیات کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلاء صدیوں بعد بھی پر نہیں ہو سکتا۔

 

 

خاندانی ذرائع کے مطابق سردار سکندر حیات کوٹلی کے ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کا ہفتے کی شب انتقال ہوگیا۔ انہیں دل کا دورہ پڑنے پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کوٹلی منتقل کیا گیا تھا، وہ آزاد کشمیر کے دو بار وزیر اعظم اور دو ہی بار صدر منتخب ہوئے۔ انہیں آزاد کشمیر میں سب سے زیادہ مدت کیلئے بطور وزیر اعظم خدمات سرانجام دینے کا اعزاز حاصل تھا، وہ 10 برس تک آزاد کشمیر کے وزیر اعلیٰ جب کہ پانچ برس تک صدر رہے۔ سنہ 2006ء میں سردار سکندر حیات عملی طور پر سیاست سے ریٹائرڈ ہو گئے تاہم انہوں نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کے پھلنے پھولنے میں اہم کردار ادا کیا جس کے باعث انہیں سنہ 2011 میں پارٹی کے نائب صدر کا عہدہ دیا گیا ۔ انہوں نے رواں برس فروری میں مسلم لیگ ن چھوڑ کر دوبارہ مسلم کانفرنس بطور سربراہ جوائن کرلی تھی۔ وہ مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے ہی آزاد کشمیر کے صدر اور وزیر اعظم کے عہدوں پر منتخب ہوئے تھے۔دوسری طرف سینئر وزیرحکومت سردار تنویر الیاس خان نےآزاد کشمیر کے سینئر ترین سیاسی رہنماء،سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئےکہا کہ سردار سکندر حیات خان نے ریاست کے عوام کی جو خدمت کی ہے وہ ناقابل فراموش ہے،سالار جمہوریت آزاد کشمیر کے قدآور سیاسی رہنماء تھے جنہوں نے حقیقی معنوں میں ریاست کی خدمت کی،ان کے کوچ کر جانے سے ریاست ایک سائبان سے محروم ہو گئی،مرحوم کی ہمارے درمیان موجودگی ہماری خوش بختی تھی۔انہوں نے کہا کہ سالار جمہوریت نے ملکی سلامتی اور عوامی خدمت میں منفرد کردار ادا کیا جسے پوری قوم انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں