وزیرِ اعظم آزاد جموں کشمیر کی وزیر خارجہ سے ملاقات ،تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے، آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال اور تعمیر و ترقی کے ایجنڈے پر گفتگو

اسلام آباد(آئی این پی)وزیرِ اعظم آزاد جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی وزارتِ خارجہ آمد، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمو د قریشی نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ملاقات میں تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے، آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال اور تعمیر و ترقی کے ایجنڈے پر گفتگو ہوئی۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے وزیر خارجہ کو کامیاب دورہ

امریکہ کی مبارک باد دیتے ہوئے کشمیریوں کے جائز حق، حق خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پراجاگر ہوا ہے۔ہم عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے ساتھ ساتھ، بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کرنے والے، مقبوضہ کشمیر کے باسیوں کو درپیش مشکلات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے

حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ کشمیریوں کی اس جدوجہد میں ان کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی معاونت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ظلم و ستم اور جنگی جرائم کے ناقابل تردید شواہد پر مبنی” ڈوزئیر ” دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔ بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدوم زادہ زین قریشی اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف توصیف عباسی بھی موجود تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close