اسلام آباد(پی این آئی)حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آزادکشمیرکےصدر اور ریاست کے سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا ،جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا ،وزیراعظم عمران خان نے انتہائی جرات اوربہادری کے ساتھ بھارت کی بطور ریاستی دہشتگردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔
ہمیں اپوزیشن جماعتوں سے وزیر اعظم کےخطاب پرکسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں،کشمیری عوام کوپتاہےکہ کون سی جماعت اورکون سالیڈرکشمیری کاز کےساتھ مخلص ہے،کشممیری اپوزیشن جماعتوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے،مسلم کانفرنس کےاہم رہنمااورسابق مشیر حکومت راجہ آفتاب اکرم نےاپنےساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا جنہیں ہم خوش آمدید کہتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں ضمنی انتخابات جیتنے کے لیے متحرک ہو گئی ہےاور تحریک انصاف نے حلقہ ایل اے 5 چڑھوئی میں مسلم کانفرنس کی بڑی وکٹ اڑا دی ہے،سابق مشیر اور مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما راجہ آفتاب اکرم نے سردار تنویرالیاس خان سے ملاقات کرتےہوئےتحریک انصاف میں شامل ہونےکااعلان کردیا ہے۔اس موقع پرمیڈیا سےگفتگو کرتےہوئےسردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم راجہ آفتاب اکرم کو تحریک انصاف میں شامل ہونے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں،آزاد کشمیر میں ہر طرف صرف تحریک انصاف ہی موجود ہے،اللہ کے فضل سے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کامیابی حاصل کرے گی،وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کےمطابق آزادکشمیر میں احتساب کے نظام کو مضبوط کیا جائےگا اور غربت کے خاتمے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی، ہنرمند نوجوانوں کو روزگار اور معاشی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کیلئے موثر لائحہ عمل بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انتہائی جرات اوربہادری کے ساتھ بھارت کی بطور ریاستی دہشتگردی کو بھی دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، ہمیں حزب اختلاف سے وزیر اعظم کے خطاب پر پذیرائی کے کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں کیونکہ عوام جانتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کا مقدمہ انتہائی دلیری کے ساتھ اقوام عالم کے سامنے پیش کیا، وزیراعظم پاکستان عمران خان کا خطاب کشمیریوں کی حقیقی ترجمانی ہے، وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے کلیدی خطاب میں کئی عالمی امور پر اپنا نکتہ نظر انتہائی مدلل انداز میں پیش کیا، وزیراعظم پاکستان نے بھارت کے فاشسٹ نظریے کو ہدف تنقید بنایا جو جنوبی ایشیاءکے امن کیلئے ایک مستقل خطرہ ہے، انہوں نے جس طرح کشمیریوں کے حق خودارادیت کے معاملے کو عالمی فورم پر اٹھایا اس سے مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ ہموار ہو گی۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ بھارت نے اپنی نو لاکھ فوج کشمیریوں کے سروں پر مسلط کررکھی ہے اور خطے کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے، اقوام متحدہ قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم ، نسل کشی ،انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سنجیدہ نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو عالمی ادارے کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے کرادار ادا کرے،بھارت کو چاہیے کہ وہ اپنا فوجی غرور ترک کر کے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق ،حق خود اردیت دے۔انہوں نےٹی وی ، فلم اور سٹیج کے لیجنڈری اداکار عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف کے انتقال کی خبر سن کر دل انتہائی غمگین اور دکھی ہے،میری دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت ، درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ،عمر شریف نے ساری زندگی لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیریں اور بیرون ملک بھی اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کیا ،عمر شریف ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا، ان کی خدمات ملک و قوم کا سرمایہ ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں