پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں ، وزیر تعمیرات اظہر صادق

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کے نائب صدر اور وزیر تعمیرات عامہ و مواصلات آزاد کشمیر چوہدری اظہر صادق نے کہا ہے کہ کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں ۔ جلد ہی بلدیاتی الیکشن کا عمل شروع ہوجائے گا جس میں بڑے پیمانے پر نوجوان خواتین اور مردوں کو مقامی سطح پر لیڈرشپ فراہم کرنے کا موقع ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے مرکزی پبلک سیکریٹریٹ میں پارٹی کی مرکزی گورننگ باڈی

کے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نائب صدر میر عتیق الرحمان، جنرل سیکرٹری راجہ منصور خان، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چوہدری عامر نذیر، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور مشیر صنعت وتجارت چوہدری مقبول احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار مرتضی علی احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاضی محمد اسرائیل خان, ڈپٹی سیکرٹری جنرل سکندربیگ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سیلم بٹ، سیکرٹری مالیات ذوالفقار عباسی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے شرکت کی۔گورننگ باڈی نے وزیراعظم عمران خان کی طرف عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اٹھانے اور ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری راجہ منصور خان نے کہا کہ شہریوں کی شکایات دور کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ پارٹی کی لیڈرشپ بھی فعال کردار ادا کرے گی اور پی ٹی آئی کے کارکنان اور شہریوں کو حالات کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جائے گا۔ حکومت اور پارٹی کے درمیان تال میل مضبوط کیا جائے گا۔ مشیر حکومت چودھری مقبول نے کہا کہ جن کارکنان کی محنت اور قربانیوں کی وجہ سے پارٹی کو اقتدار ملا انہیں کسی بھی قیمت پر نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔گورننگ باڈی نے احتساب ایکٹ میں تبدیلی کے لیے کابینہ کی طرف سے قائم کردہ کمیٹی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بلاامتیاز احتساب کا سلسلہ جلد از جلد شروع کیا جائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close