اوورسیز کشمیری ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، تحریک آزادی کیلئے ان کا کردار قابلِ تعریف ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا ویبی نار سے خطاب

اسلام آباد (پی آئی ڈی وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ اوورسیز کشمیری ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، تحریک آزادی کیلئے ان کا کردار قابلِ تعریف ہے، ریاست کی معیشت کی بہتری کے لیے بھی اوورسیز کشمیری زرمبادلہ بھیج کر اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ اوورسیز کشمیری آزادکشمیر میں سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں، حکومت آزاد کشمیر بھرپور تعاون کریگی۔اوورسیز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل

کریں گے، جلد اوورسیز سیل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔آزاد کشمیر کو کرپشن سے پاک کریں گے،وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق تعمیر وترقی کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں بلا تفریق احتساب کا عمل شروع کرنے جا رہے ہیں،ریاستی وسائل عوام کی فلاح کیلئے استعمال ہوں گے۔عوام کی خدمت حکومت کا نصب العین ہے،میں نے ہمیشہ عدم تشدد کی سیاست کو پروان چڑھایا، عام آدمی کو اقتدار میں شراکت دار بنانے کیلئے بلدیاتی الیکشن کروانے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ میں اوورسیز کمیونٹی کے ویبی نار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ویبی نار میں مہمان خصوصی صاحبزادہ عامر جہانگیر نمائندہ وزیراعظم پاکستان، لارڈز، مئیرز،کونسلرز اور پروگرام کے آرگنائزرز،سردار مہتاب خان،زاہد پرویز،حبیب احمد خان،صداقت

خان،سید عرفان شاہ،شاہد افضل اور نوید خان کے علاوہ اوورسیز کمیونٹی سے بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اوورسیز کشمیریوں کی فلاح و بہبود اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام تر اقدامات کریں گے، اووسیز کشمیریوں کے لئے قائم سیل کا انچارج ڈپٹی کمشنر یا کمشنر سطح کا افسر ہو گا جو اوورسیز کشمیریوں کی جائیداد و دیگر مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کریگا۔ اوورسیز کشمیریوں کی مشاورت سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کو بھرپور انداز میں اجاگر کرینگے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے جس انداز سے کشمیریوں کا مقدمہ عالمی فورمز پر لڑا ہے اس سے کشمیریوں کے موقف کو تقویت ملی ہے اور ہندو ستان کے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے بے نقاب ہوئے ہیں۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے پانچ سے زیادہ مرتبہ ایل او سی کا دورہ کیا اور کشمیریوں کا حوصلہ بلند کیا۔وزیراعظم پاکستان عمران خان اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان وزیراعظم کے دروازے ہر کشمیری کے لئے کھلے ہیں۔ عوام کے مسائل کے حل اور ریاست کی ترقی کے لیے جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کررہے ہیں۔حکومت چھ ماہ کے اہداف کے حصول کی طرف رواں دواں ہے۔ میرے وزیر اعظم بننے کا ہر مکتبہ فکر کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا جو میرے لیے حوصلہ افزاء ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم ڈھانے کے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول پر آباد کشمیریوں کو بھی اپنی جارحیت کا نشانہ بناتا ہے، میرا تعلق ایل او سی کے علاقے سے ہے، ایل او سی پر آباد کشمیریوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں،ترجیحی بنیادوں پر انکے مسائل حل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کے لیے قربانیاں دینے پر افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں،ایل او سی پر بسنے والے عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ہندستان کے ناپاک قدم کشمیر کی پاک دھرتی سے اکھڑیں گے اور کشمیریوں کو انکا حق ملے گا۔ وزیراعظم نے اوورسیز کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ 25 ستمبر کو اقوام کی جنرل اسمبلی میں بھارتی وزیراعظم مودی کے خطاب کے دوران اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں، وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ہاتھ مضبوط بنانے میں کشمیری اور پاکستانی دنیا بھر میں اپنا کردار ادا کریں، وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے سفیر بن کر دنیا بھر میں ہمارا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑ رہے ہیں۔۔ آخر میں وزیراعظم نے تقریب کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close