اسلام آباد (پی این آئی) پی ٹی آئی آزادکشمیر کے صدر اور سینئر وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ عمران خان نے حکم دیا ہے کہ حکومت آزادکشمیر بدعنوان عناصر کا بلاامتیاز احتساب کرے اور عام شہریوں کو معاشی ریلیف فراہم کرے۔ اس حوالے سے جنگی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں تحریک انصاف کی مرکزی گورننگ کے ارکان کے
ہمراہ ازادکشمیر اور مہاجرین مقیم پاکستان کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جو پارٹی کی صدارت سنبھالنے پر انہیں مبارک دینے آئے تھے۔ سردار تنویرالیاس نے عوام سے کہا کہ وہ ہاکستان تحریک انصاف کا ڈٹ کرساتھ دیں۔ پی ٹی آئی ان کے جذبات احساسات و ضروریات سے بخوبی آگاہ ہے۔ احتساب اور عام آدمی کو ریلیف دینا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا باب رقم ہوگا۔ آزادکشمیرکی ترقی عمران خان کا خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن میں وعدے کیا تھا کہ سیاسی اجارہ داری اور ٹھیکیداری سسٹم کا خاتمہ کریں گے۔ اللہ تعالے کے فضل سے اس وعدے پر عمل درآمد شروع ہوچکا ہے۔آپ پی ٹی آئی پر بھروسہ رکھیں آپ کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں
نے مختلف وفود کو یقین دلایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداران کی طرف سے آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کے جو جو وعدے کیے گئے تھے ان کو پورا کیا جائے گا۔ اس موقع پر راجہ منصور خان، جنرل سیکرٹری، سردار محمد اسرائیل قاضی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ، سردار مرتضی علی ڈپٹی جنرل سیکرٹری، سنکدر بیگ ڈپٹی جنرل سیکرٹری،ذوالفقار عباسی فنانس سیکرٹری اورسیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود سمیت دیگر پی ٹی آئی کے رہنما موجود تھے۔
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان صاحب نے گلگت بلتستان کو ایک بڑا معاشی اور ترقیاتی پیکیج دیا ہے۔ اس کہیں بڑا وہ آزادکشمیر کیلیے بجٹ لے کر آئیں گے۔ انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ وہ آزادکشمیر کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے وعدوں کو عملی جامع پہنائیں گے۔ انہوں نے کہا وہ ایک بڑا ہدف کے میدان سیاست میں اترے ہیں۔ وہ ہدف آزادکشمیر کی تیز رفتار معاشی اور عام شہریوں کے حالات کا سدھار ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر یہ وعدہ دہرایا کہ آزادکشمیر حکومت جلدازجلد بلدیاتی الیکشن کرائے گی کیونکہ یہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت ہے۔ گراس روٹ لیول پہ لوگوں کو بااختیار بنانا وزیراعظم پاکستان عمران خان کا وژن ہے۔ ہم ایسا ماڈل لے کر آئیں گے جس سے یونین کونسل کی سطح سے نئی لیڈرشپ ابھرے گی اور سیاسی ٹھیکداروں کی چھٹی ہوگی۔ ہم تقریریں کم اور کام زیادہ کر نے پر یقین رکھتے ہیں۔
سیکرٹری جنرل راجہ منصور خان نے کہا کہ پی ٹی آئی غیر روایتی سیاست کرتی ہے۔ وہ عام لوگوں کو سامنے لے کرآتی ہے۔ آزادکشمیر میں وزیراعظم عبدالقیوم نیازی کا تعلق کسی بڑے سیاسی خاندان سے نہیں ہے۔ اسی طرح پی ٹی آئی کے صدر تنویر الیاس خان بھی ایک غیر سیاسی پس منظر رکھتے ہیں اورخدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آزادکشمیر میں حقیقی تبدیلی لائیں گے اور راستے میں آنے والی تمام رکاوٹوں کو عبور کریں گے۔ اس موقع پر راجہ امتیاز طاہر،سردار افتخار رشید، سردار امتیاز شاہین، سردار خالدابراہیم، سردار عامر رفیق، شیخ مقصود، راجہ قمر زمان، میجر (ر) لطیف خلیق، ڈاکٹر نازیہ نیاز، کاشان مسعود، سردار عبدالرزاق خان، اور آزادکشمیر کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وفود موجود تھے۔بعد ازاں سردار تنویر الیاس خان نے وفود سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں اور کارکنان کے مسائل کو سنا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں