میرپور(آئی این پی)آزادکشمیر سکول ٹیچرز آرگنائزیشن ضلع میرپور کے فیصلے کے مطابق اساتذہ کی پولیومہم میں ڈیوٹیاں لگائے جانے کیخلاف اساتذہ نے اپنے اپنے اداروں میں بطور احتجاج سیاہ پٹیاں باندھ کر اپنے تدریسی فرائض سرانجام دئیے، آزادکشمیر سکول ٹیچرز آرگنائزیشن ضلع میرپور کے صدر محمد سعید عالم چوہدری نے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا تقریباً تمام اداروں کے اساتذہ نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں بدھیں ہوئی تھیں۔
جس پر انہوں نے اساتذہ کے اتحاد اور یکجہتی کو سراہااوراس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ اساتذہ اپنے تدریسی فرائض دلجمی سے سرانجام دیں اور ڈیوٹی آرڈرز کی منسوخی تک بطور احتجاج بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اساتذہ کے حقوق اور وقار کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی اساتذہ کے وقار کے منافی کوئی ڈیوٹی سرانجام نہیں دی جائے گی ۔ محمد سعید عالم چوہدری نے امید ظاہر کی کہ محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کی انتظامیہ جلداز جلد باہمی مشاورت سے پولیو کے قطرے پلانے کیلئے اساتذہ کی لگائی گئی ڈیوٹیاں منسوخ کر کے کوئی متبادل بندوبست کریں گے تاکہ اساتذہ میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے اس معاملہ میں اتحاد و یکجہتی کا اظہار کرنے پر تمام اساتذہ کا شکریہ ادا کیا اور اساتذہ کو یقین دلایا کہ آزادکشمیر سکول ٹیچرز آرگنائزیشن اساتذہ کے مسائل حل کرانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی ۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں