جلد ہی پی ٹی آئی آزادکشمیر کی سب سے بڑی گراس روٹ پارٹی ہوگی، سب کو ساتھ لے کرچلیں گے، سردار تنویر الیاس کا پارٹی کی گورننگ باڈی سے خطاب

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کے صدر اور سینئر وزیر سردار تنویز الیاس خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو آزادکشمیر اور مہاجرین کے حلقوں میں نئے عزم اور ولولے کے ساتھ منظم کیا جائے گا اور جلد ہی پی ٹی آئی آزادکشمیر کی سب سے بڑی گراس روٹ آرگنائزیشن ہوگی۔ انہوں نے کہا وہ پارٹی دھڑوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ہیں۔ سب کو ساتھ لے کرچلیں گے اور ان کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔

پارٹی کارکنان کی عزت واحترام کو یقینی بنائیں گے۔ آزادکشمیر میں لوگوں نے عمران خان کے نام پر ووٹ پی ٹی آئی کو دیئے ہیں۔ تمام فیصلے پارٹی کی گورننگ باڈی کی مشاورت سے کریں گے۔ حکومت اور پارٹی کے درمیان فاصلہ پیدا نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے مرکزی پبلک سیکریٹریٹ میں پارٹی کی تنظیم نو کے بعد مرکزی گورننگ باڈی کے پہلے اجلاس اور بعدازاں پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر چودھری ظفر انور، نائب صدر میر عتیق الرحمان ، نائب صدر چودھری اظہر صادق، جنرل سیکرٹری راجہ منصور خان ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چوہدری عامر نذیر، ڈپٹی سیکرٹری جنرل چوہدری مقبول احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار مرتضی علی احمد،

ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاضی محمد اسرائیل خان, سیکرٹری جنرل سکندربیگ،سیکرٹری مالیات ذوالفقار عباسی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے شرکت کی۔گورننگ باڈی نے بابائے آزادی سیّد علی گیلانی کی رحلت پر ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام اور پی ٹی آئی کی حکومت ہر محاذ پر آزادی کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ گورننگ باڈی کے ارکان نے متفقہ طور پروزیراعظم عمران خان، چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی اور سیکرٹری جنرل عامر کیانی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے گورننگ باڈی کے ارکان پر اعتماد کیا اور انہیں مرکزی سطح کی ذمہ داریاں سونپیں۔ گورننگ باڈی نے سردار تنویز الیاس کو پارٹی کی صدارت، راجہ منصور خان کو جنرل سیکرٹری، عتیق میر کو نائب صدارت اور عامر نذیر کو ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کے عہدے سنبھالنے پر مبارک دی اور انہیں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس نے پارٹی کے سابق صد بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی پارٹی کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ چھ برسوں میں پارٹی کو منظم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ گورننگ باڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت شہریوں کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرے گی اور آزادکشمیر میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے احتساب ایکٹ میں ترمیم کرکے اسے موثر بنائے گی۔ جلد بلدیاتی الیکشن کرائے گی۔ میرٹ کی بالادستی کویقینی بنانے کے لیے نون لیگی حکومت کے تمام خلاف ضابطے اقدامات پر نظر ثانی کرے گی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پارٹی کو گراس روٹ لیول پر منظم کرنے، پارٹی منشور اور پالیسی کے مطابق امورحکومت چلانے، پارٹی اور حکومت کے درمیان رابطے موثر اور مضبوط بنانے کے لیے گورننگ باڈی کے اجلاس تسلسل کے ساتھ منعقد کیے جائیں گے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود کے مطابق گورننگ باڈی نے اتفاق رائے سے مرکزی پبلک سیکریٹریٹ کو پارٹی کا مرکزی دفتر قراردیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر ظفرا نور نے کہا کہ عوام کی پی ٹی آئی حکومت سے بہت توقعات وابستہ ہیں ۔پارٹی اور حکومت کو ان توقعات پر پورا اترنے کے لیے دن رات کام کرنا ہوگا۔ نائب صدر و وزیر حکومت اظہر صادق نے کہا کہ پارٹی کے کارکنان کے لیے ان کی وزارت کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے اور پارٹی عہدے داران کے مشورے کے ساتھ حکومت چلائی جائے گی ۔مشیر حکومت اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری چودھری مقبول نے پارٹی لیڈرشپ کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور سردار تنویز الیاس کو مہاجرین کے حلقوں کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ راجہ منصور خان نے کہا کہ حکومتی وزرا اور مشیروں کو پارٹی کے کارکنان اور عہدے داران کو ساتھ لے کر چلنا ہوگاتاکہ پارٹی اور حکومت کے درمیان کوئی فاصلہ پیدا نہ ہو۔ عتیق میر نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کی مشاورت سے ترقیاتی کام کیے جائیں اور اہم فیصلوں میں ان انہیں بھی شریک کیا جائے۔مرتضے علی احمد نے کہا کہ پی ٹی آئی کو تاریخی موقع ملا ہے۔ اتحاد اور اتفاق کے ذریعے آزادکشمیر کے لوگوں کی قسمت بدلی جاسکتی ہے۔ ذوالفقار عباسی نے کہا کہ بڑے اقتصادی منصوبوں خاص طور پر فور ایم اور تھری جی انٹر نیٹ کی فراہمی جیسے بڑے منصوبوں کو شروع کرانے میں پارٹی صدر کردار ادا کریں۔ سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے کہا کہ وفاقی حکومت سے بڑے معاشی پیکج کے حصول کی کوششوں کو تیز تر کیا جائے تاکہ چند ایک بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جاسکیں۔ انتظامی، معاشی اور قانونی ڈھانچے کی تشکیل نو کے لیے قومی سطح کی شخصیات پر مشتمل کمیٹی بنائے جائے کیونکہ موجودہ انتظامی ڈھانچہ تمام وسائل چاٹ جاتاہے۔ سکندر بیگ نے تجویز دی کہ پارٹی کی لیڈرشپ کو ایک ٹیم کی طرح چلنا چاہیے۔قاضی اسرائیل نے کہا کہ نہ صرف ٹکٹ ہولڈرز، گورننگ باڈی کے ارکان بلکہ پارٹی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبے اور انتظامی امور چلائے جائیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں