مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں وزرائے کرام،مشیران حکومت،چیف سیکرٹری،سیکرٹری صاحبان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے قرارد اد بھی منظور کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے کشمیریوں کی آواز بننے، ان کا سفیر بننے اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کی تحسین کرتا ہے۔ اجلاس کشمیری عوام اور قیادت کی طرف سے وزیرا عظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ اجلاس موجود ہ کشمیری حکومت کی طرف سے عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہے اور یقین دلاتا ہے کہ کشمیری قوم اور قیادت اپنے سفیر اور وکیل کے ساتھ متحد اور متفق ہے۔ اجلاس مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور بھارتی ظلم و بربریت کے شکار عوام کو یہ یقین دلاتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہر سطح پر ان کی حمایت کرنے کے لیے ہمہ وقت تیارہے۔ کابینہ کا یہ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کوبھی خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہدجاری رہے گی۔ کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلاتا ہے کہ آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کا ر لائے جائیں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں