نوجوان شہداء کی زندگیوں کا مطالعہ کریں اور اکتساب فیض حاصل کریں، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر سردار فہیم ربانی کا تقریب سے خطاب

راولاکوٹ (پی آئی ڈی) آزاد کشمیر کے وزیر قانون و اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پونچھ شہداء اور غازیوں کی سرزمین ہے جس کے باسیوں نے خطے کو ڈوگرہ استبداد سے آزاد کرانے کیلیے غیر معمولی قربانیاں دیں ۔دھرتی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنا آج قوم کے روشن کل کے لئے قربان کر دیا ۔نوجوان اپنے شہداء کی زندگیوں کا مطالعہ کریں اور ان سے اکتساب فیض حاصل کریں ۔وزیر حکومت نے ان خیالات کا اظہار آل شہداء ویلفئر ایسوسی ایشن دوتھان کے زیر اہتمام شہداء دوتھان کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوے کیا ۔تقریب آمد پر وزیر حکومت کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے ۔اس موقع پر چئیرمین لبریشن فرنٹ سردار صابر کشمیری ،امیر جماعت اسلامی حلقہ تین سردار زاہد رفیق،سابق امیدوار ،سردار خطاب اعظم سابق امیدوار تحریک انصاف ،مولانا شفاعت رضوی ،سابق امیدوار ڈاکٹر عرفان اشرف ،مولانا مسعود الیاس ،مولانا محمد عباس ،چئیرمین کیپٹن حسین خان فریڈم موومنٹ سردار جنت حسین اور فرزند شہید فقراللہ خان سردار محمد اسحق خان کے علاوہ سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔وزیر حکومت سردار فہیم اختر ربانی نے کہا کہ آزادی اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے ۔انہوں نے کہا ہمارے اسلاف نے اس خطے کی آزادی کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔انہوں نے کہا ڈوگرہ راج کے خاتمے کیلیے پونچھ کے لوگوں نے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر بھرپور جدوجہد کی اور جبر کے نظام کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینک دیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ان قربانیوں کو یاد رکھنا ہے اس موقع پر انہوں نے شہداء دوتھان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ تحریک آزادی کشمیر بھی کامیابی سے ہمکنار ہو کر رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ شہداء کشمیر جس عظیم مقصد کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں وہ عظیم مقصد حا صل یو کر رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی 8 لاکھ فوج کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کم نہیں کر سکی ہے پاکستان سے محبت کشمیریوں کے خون میں ہے جن کی منزل الحاق پاکستان ہے ۔اس موقع پر مقررین نے شہداء دوتھان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔تقریب کے اختتام ہر شہداء دوتھان کے بلندی درجات کے لئے دعا کی گئی۔یاد رہے کہ ڈوگرہ راج سے آزادی کے لئے 1947 میں سردار عطا محمد خان شہید ،سردار سخی محمد خان شہید ،سردار مصاحب خان شہید ،سردار فقراللہ خان شہید ،سردار محمد روشن خان شہید نے جام شہادت نوش کیا تھا جن کی یادگار قائم کر کے ان کے نام کندہ ہیں۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close