گورنر گلگت بلتستان کی وزیراعظم آزاد کشمیر سے ملاقات

اسلام آباد (پی آئی ڈی) گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے جموں و کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ملاقات کی اور انہیں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔اس موقع پر وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے گورنر گلگت بلتستان کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے گورنر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آزادجموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، دونوں علاقوں کے عوام بہادر، محنتی، جفاکش اور مہمان نواز ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت پر جس طرح گلگت بلتستان کے عوام نے اعتماد کا اظہار کیا اسی طرح آزادجموں و کشمیر کے عوام نے بھی عمران خان کے ویژن کو پذیرائی دی اور تحریک انصاف نے واضح اکثریت کے ساتھ حکومت سازی کی۔ وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ ہمارا مطمع نظر عوام کی بلاتفریق خدمت ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے تمام ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔ دونوں حکومتیں مستقبل میں کئی شعبوں میں تعاون کو یقینی بنائیں گی اور عوام کی سطح پر رابطوں کو موثر بنایا جائے گا ہم ایک دوسرے سے سیکھیں گے اور اسی طرح آگے بڑھیں گے۔گورنر راجہ جلال حسین مقپون نے اس موقع پر وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی سیاسی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کی طویل سیاسی جدو جہد ہے، انشاء اللہ آپ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا بہترین انتخاب ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں گی۔انہوں نے اس موقع پر تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں