آزاد کشمیر کی 15 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، کون کون شامل؟

مظفرآباد (پی این آئی) آزاد جموںو کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے جمعرات کے روز آزاد کشمیر کی پندرہ رکنی کابینہ کے اراکین سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ ایوان صدر مظفرآباد میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی، سینئر وزیر سردار تنویر الیاس، قانون ساز اسمبلی کے اراکین کے علاوہ آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں سے آئے پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے علاوہ سینئر آفیسران، ججز اور وکلا نے شرکت کی۔ جن اراکین قانون ساز اسمبلی نے ریاستی وزرا کی حیثیت سے حلف اٹھایا ان میں اظہر صادق، محترمہ شاہدہ صغیر، چوہدری ارشد حسین، چوہدری علی شان، ظفراقبال ملک، چوہدری محمد اخلاق، نثار انصر ابدالی، سردار محمد حسین خان، سردار فہیم اختر ربانی، سردار میر اکبر خان، خواجہ فاروق احمد، چوہدری محمد رشید، دیوان علی خان چغتائی، محمد اکمل سرگالہ اور عبدالماجد خان شامل ہیں۔ حلف برداری کے بعد تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صدر ریاست نے نئے وزرا کو مبارکباد دی ا ور اس توقع کا اظہار کیا کہ نئی کابینہ عوام کی توقعات پر پوری اترے گی اور عام آدمی کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے اور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور اس کو صحیح معنی میں فلاحی ریاست بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ کابینہ کے اراکین پوری ریاست کی بلا امتیاز ترقی، اداروں کی ترقی اور استحکام کے علاوہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لائیں گے اور ان اہم قومی ذمہ داریوں کی عوامی توقعات کے مطابق ادائیگی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close