مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سستے انصاف کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ عدلیہ، انتظامیہ اورقانون ساز ادارے ملکر ریاست کا نظام چلاتے ہیں۔ نظام کے فعال ہونے کے لیے ضروری ہے کہ تینوں اداروں کی سمت ایک ہو۔ وزیراعظم نے کہاکہ قانون کی عملداری اور عوامی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ نظام انصاف میں بہتری کے لیے حکومت تمام اقدامات اٹھائے گی۔ اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے حکومت کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہوتے ہیں۔وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ حکومت کے فیصلوں میں نقائص کی نشاندہی عدلیہ کے فرائض میں شامل ہے، اصلاح کرنے سے ہی اصل مقاصد حاصل ہو سکتے ہیں۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں