حکومت آزاد کشمیر ایڈہاک ملازمین کو مستقل کرنے کا بل اسمبلی میں لائی تو پیپلز پارٹی بھرپور حمایت کرے گی، اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر کا اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد۔ پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر اور آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں لیڈر آف دی اپوزیشن چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اگرچہ وسیع پیمانے پر دھاندلی ہوئی مگر پیپلزپارٹی کے جیالوں نے الیکشن مکمل چوری نہیں ہونے دیا اور پہرہ دے کر 11 نشستیں چھین کر نکالی ہیں اگر انتخابات سو فیصد شفاف ہوتے تو حکومت ہم نے بنانی تھی،نامساعد حالات میں انتخابات میں متاثر کن کارکردگی کے پیچھے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی انتخابی مہم میں دلیرانہ قیادت ،محترمہ فریال تالپور کی رہنمائی اور دیگر مرکزی قائدین کی موجودگی جیسی طاقت تھی جس کے باعث پی ٹی آئی کو کھل کر دھاندلی نہیں کرنے دی گئی۔ جس طرح وزارت عظمی کے لئے نامزدگی میں پی ٹی آئی کنفیوژن کا شکار ہوئی اسی طرح آنے والی حکومت بھی عوام بوجھ ثابت ہوگی، بعض سیٹوں پر دھاندلی کے ثبوتوں کیساتھ الیکشن ٹریبیونل رجوع کریں گے۔ انتخابی مہم میں میڈیا نے پیپلزپارٹی کا بھرپور ساتھ دیا جس پر شکرگزار ہیں۔ افغانستان کے مسئلے پر سلامتی کونسل میں پاکستان کو بولنے کی اجازت نہ ملنا مرکزی حکومت کی ایک اور بڑی سفارتی ناکامی ہے۔ پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا مگر وہ بھی جذبہ آزادی سرد نہ کر سکا۔ ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وہ گزشتہ شب اسلام آباد کلب میں اے کے این ایس،کشمیر ایڈیٹرز کونسل اور سنئیر کشمیری صحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر نائب صدر پی پی سردار امجد یوسف،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سید عزادار حسین کاظمی، ممبر سی ای سی چوہدری حنیف کٹھانہ اور چوہدری خادم بھی موجود تھے۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے انتخابات میں مجموعی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا حالانکہ پی ٹی آئی نے الیکشن مکمل طور ہر چوری کرنے کا پروگرام بنا رکھا تھا۔ وفاقی وزرا نے رقوم تقسیم کی اور حکومتی مشینری کو بھی استعمال کیا گیا۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ عوام جان چکے پی ٹی آئی کی تبدیلی جعلی ہے آزاد کشمیر حکومت بھی عوام کے غیض و غصہ کے سامنے نہیں ٹھہر سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں سیٹیں ہم نے مرکزی حکومت کے ہتھکنڈوں کے جبڑوں سے نکالی ہیں عوام بکسے چوروں کو جانتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر حکومت خاموش ہے وہ سفارتی سطح پر ہندوستان کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرنے میں ناکام ہے یہ کام صرف چئیرمین بلاول بھٹو ہی کر سکتا ہے۔ انہوں نے انتخابی مہم میں مثبت کردار پر میڈیا کی تعریف کی ۔ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ اشفاق ظفر،سعود صادق اور سردار قمر زمان کی نشستوں کے رزلٹ کو ٹریبیونل میں چیلنچ کیا جائے گا۔ایک اور سوال چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ ‎ایڈھاک ملازمین کی مستقلی کالعدم کرنے کیلئے تحریک انصاف کی حکومت اگر بل اسمبلی میں لاتی ہے تو پیپلز پارٹی بل کی مکمل سپورٹ کرے گی ،ہم نے ہمیشہ اصولوں کی پاسداری کی ہے اس سے قبل بھی ماضی میں سردار عتیق احمد خان نے 500 پارٹی ورکرز کو غیر قانونی طور پر بھرتی کیا تھا اس کے خلاف ہم نے اس وقت بھی جارحانہ مخالفت کی تھی اور قانونی طور پر کاروائی بھی کی تھی ۔ چوہدری لطیف اکبر نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت جن بیساکھیوں کے سہارے بنائی جا رہی وہ بیساکھیوں اب بہت کمزور ہو چکی ہیں اور اپنے انجام تک پہنچ چکے ہیں-

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close