آزاد کشمیر الیکشن: تحریک انصاف 7تشستوں پر کامیاب، 17حلقوں میں برتری، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آگئے

مظفر آباد (پی این آئی)آزاد کشمیر انتخابات کےغیر حتمی غیر سرکاری نتائج ، تحریک انصاف نے 7 نشستوں پر کامیابی اور 17حلقوں میں برتری حاصل کرلی، پی ٹی آئی کارکنان خوشی سے نہال۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق اس وقت حکمراں جماعت تحریک انصاف کی پوزیشن مستحکم ہے۔ جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کے کارکنان خوشی سے نہال ہیں۔کارکنان کی جانب سے دھمالیں ڈالی جا رہی ہیں اور نتائج پر خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کر لی۔ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا جبکہ ووٹوں کی گنتی کے ساتھ ساتھ نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے ہونے والی پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 2 جبکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ایک ایک نشست حاصل کرلی ہے۔ایل اے 40کشمیر ویلی 1 سے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے عامر عبدالغفار 2165 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ تحریک انصاف کے محمد سلیم بٹ 875 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ایل اے 41 کشمیر ویلی 2 پنجاب کے تمام 17 پولنگ اسٹیشنوں کے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے غلام محی الدین دیوان 2326 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ن لیگ کے محمد اکرام بٹ 741 ووٹ لے کردوسرے اور پیپلزپارٹی کے شبیرعباس میر166 ووٹ لےکر تیسرےنمبرپررہے۔غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 سے پی ٹی آئی کے جاوید بٹ 774 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ ن لیگ کی نسیمہ خاتون 720 ووٹ لے سکیں۔اسی طرح ایل اے 44 کشمیر ویلی 5 کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے احمد رضا قادری 2007 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کی مہرالنسا 1163 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہیں۔پولنگ میں 32 لاکھ سے زائد ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے، پاکستان میں بسنے والے ساڑھے 4 لاکھ سے زائد کشمیری بھی ووٹ ڈالیں گے۔واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے 45 حلقوں میں ووٹرز کی کل تعداد 32 لاکھ 28 ہزار 99 ہے ، جن کے لئے آزاد کشمیر اور پاکستان میں 6 ہزار 114 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ، پولنگ کے موقع پر آزاد کشمیر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، 40 ہزار پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کی گئی جب کہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے پریذائیڈنگ آفیسرز سمیت 250 افسران کو مجسٹریٹ کے برابر اختیارات دیئے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close