آزاد کشمیر الیکشن: پولنگ کا عمل مکمل، ایل اے7کے تین پولنگ سٹیشنز میں تحریک انصاف کے امیدوار کی برتری

مظفر آباد (پی این آئی )آزاد کشمیر میں ہونے والے عام انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل مکمل ہو گیاہے جس کے بعد ووٹو ں کی گنتی کا مرحلہ جاری ہے ،ایل اے 7 کے تین پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری انوارالحق 1379 ووٹوں کے ساتھ پہلے جبکہ ن لیگ کے چوہدری طارق فاروق 820 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔تفصیلات کے مطابق آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے شروع ہوا تھا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے تک جاری رہا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے بھرپورانتظامات کئے گئے تھے۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 11ویں عام انتخابات کیلئے آزاد کشمیر کیساتھ ساتھ پاکستان کے چاروں صوبوں میں بھی مہاجرین کے انتخابی حلقوں ووٹ ڈالے گئے۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی آئندہ پانچ سال کی مدت کے اراکین کے انتخاب کیلئے آج بتیس لاکھ سے زائد ووٹرزاپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پاٹی اور مسلم کانفرنس میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر شہرو ں میں قائم چھ ہزار 139 میں سے 826 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس اور ایک ہزار 209 پولنگ سٹیشن حساس قرار دیئے گئے ، انتخابی عمل کے دوران حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوج تعینات رہی، 40 ہزار پولیس اہلکار بھی الیکشن ڈیوٹی انجام دیئے۔آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں نشستوں کی کل تعداد 53 ہے۔ خواتین کیلئے پانچ اور علما و مشائخ کی ایک مخصوص نشست ہے۔ ٹیکنو کریٹ اور اوور سیز کی بھی ایک ایک نشست ہے۔33 حلقوں میں ووٹرز کی کل تعداد 28 لاکھ 41 ہزار985 ہے، مرد ووٹرز کی تعداد 15 لاکھ 47 ہزار 850 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 94ہزار 135ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں