بلاول بھٹو آزادکشمیر میں اپنی آدھی انتخابی مہم کو چھوڑ کر فرار ہو گئے، فواد چوہدری کا دعویٰ

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فوادحسین نے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن کیلئے عالمی برادری نے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا ہے، پاکستان افغانستان میں مستقل اور پائیدار امن چاہتا ہے، وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ صرف امن کے شراکت دار ہوں گے، آزاد کشمیر کے الیکشن میں تحریک انصاف کی پوزیشن مستحکم ہے،اور ہر حلقے سے تحریک انصاف کے امیدوار میدان میں ہیں،تحریک انصاف کے علاوہ کوئی دوسری جماعت سارے حلقوں سے امیدوار کھڑے ہی نہیں کر سکی ہے، پیپلز پارٹی نے صرف چند حلقوں سے امیدوار کھڑے کئے ہیں، اس لئے بلاول بھٹو اپنی آدھی مہم کو چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں جبکہ دوسری طرف مریم نواز بھی مہم کر رہی ہیں لیکن ان کے پاس بھی کوئی پالیسی نہیں اور نہ ہی انہیں تاریخ کا علم ہے، وہ مہم ادھوری چھوڑ کرجلد جائینگی، ان کو پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات میں کروٹیں بدلنے کا علم بھی نہیں ، پاکستان کی کشمیریوں کیلئے قربانیوں کے بارے میں بھی معلوم نہیں ۔ پیر کو یہاں وفاقی وزیر حماد اظہر اور مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبرکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز کشمیرکی تاریخ سے بھی لاعلم ہیں وہ جو انتخابی مہم چلارہی ہیں ان کو پالیسی کا علم نہیں، دھاندلی کی باتیں اس لئے کررہے ہیں کیونکہ ان کی سیاسی پوزیشن نہ ہونے کے برابر ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اربوں روپے پاکستان سے چوری کرکے باہر لے جایا گیا،جائیدادیں خریدی گئیں شہبازشریف کو اپنے اوپر لگے الزامات کا جواب میڈیا کے سامنے دینا چاہیے اربوں روپے انکے اکائونٹ سے نکل رہے ہیں ، یہ کہتے ہیں ہم نے خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی پراپرٹی اسوقت میں لندن میں ہے جن کا ہمیں علم ہے، ہمیں نہیں پتہ کہ ان کی دنیا میں اور کہاں کہاں جائیدادیں ہیں؟ پی ٹی آئی حکومت کی پوزیشن مستحکم ہے ،پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس کے آزادکشمیر کے تمام حلقوں میں امیدوارہیں بلاول بھٹو میدان چھوڑ کر بھاگ گئے کیونکہ ان کے امیدوار ہی نہیں آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کے صرف8امیدوار ہیں۔افغانستان کی صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ کوشش کررہے ہیں کہ افغانستان میں امن قائم ہو افغان معاملے پر پاکستان کی کوشش دنیا سراہ رہی ہے ،ہم امن کیلئے شراکت دار ہیں تنازع میں نہیں، قومی سلامتی کمیٹی میں تمام جماعتوں نے موقف کی حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جو تقریر اقوام متحدہ میں کی تھی، اس میں کشمیر کے حوالے سے موقف کی نوعیت کیا تھی اور اور اسٹرٹیجک گہرائی کیا تھی، ان تمام باتوں کا کوئی علم ہے، مریم نواز آزاد کشمیر میں اپنی جن باتوں کا پرچار کر رہی ہے ان کا نہ سر ہے نہ پیر ہے اور ابھی سے مسلم لیگ نون دھاندلی کا واویلا مچانا شروع ہو گئی ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ کشمیر کے الیکشن میں ان کی پوزیشن نہ ہونے کے برابر ہے اور جلد مریم نواز بھی انتخابی مہم سے راہ فرار اختیارکریں گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف نے گیس اور بجلی کے اوپر لمبی چوڑی پریس کانفرنس کی اور ہمیں امید تھی کہ وہ اپنے اوپر کیس کے حوالے سے روشنی ڈالیں گے اور ہمیں بھی پتہ چلے گا کہ 25ارب روپے کی رقم اور دوسرے کیسز ان میں ان کا جواب کیا ہے کیونکہ ان سے پوچھا جاتا ہے کہ پیسے کیسے بنائے تو کہتے ہیں کہ میں نے پنجاب میں میٹرو بنائی، ان سے پوچھا جائے کہ بچوں نے پیسے کیسے بنائے اور باہر کیسے گئے تو کہتے ہیں انہوں نے پانی کے پروجیکٹ لائے ہیں، شہباز شریف سے پوچھا جائے کہ ان کے اکائونٹس سے اربوں روپے نکل رہے ہیں تو کہتے ہیں انہوں نے پنجاب کی خدمت کی ہے تو سمجھ یہ نہیں آتا کہ جو پیسہ سندھ میں پیپلز پارٹی کو دیا گیا وہ سندھ کی عوام کیلئے تھا اور شہباز شریف کو پنجاب کی حکومت عوام کیلئے پیسہ دیا گیا لیکن یہ پیسہ لندن سے کیوں برآمدہوتا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کو چاہیے کہ وہ میڈیا کے سامنے آئیں اور اپنا سارا کچھا چٹھا کھولیں۔ پریس کانفرنس میں مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے اداروں کو اپنے ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا، نون لیگ نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی حالت زار پوری قوم دیکھ رہی ہے، انہیں لندن جانے کی اجازت نہ دیئے جانے پر ان کی طبیعت کا فی ناساز رہتی ہے اور وہ عدالت کے ضمانتی حکم پر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف نے بے نامی اکائونٹس سے 25ارب روپے کی ٹرانزیکشن کرائی اور ان کے بڑے بھائی نواز شریف سزا یافتہ مجرم قرار دیئے جا چکے ہیں اور اب شہباز شریف سے ایف آئی اے سوال پوچھتا ہے تو انہیں ناگوار گزرتا ہے۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ حمزہ شہباز نے بھی تحقیقات پر ایف آئی اے حکام کو دھمکیاں دیں، شریف فیملی کی جانب سے اداروں کو دھمکانا ان کی وراثت میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف لندن بھاگنے کی کوشش کرنے کے بجائے کرپشن تحقیقات میں اداروں کے سوالات کا جواب دیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کی اوسط کھپت 16ہزار میگاواٹ ہے اور بجلی کی حالیہ ترسیل میں گزشتہ سال کی نسبت نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ ہفتے شب و روز محنت کے بعد ساڑھے 24ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ پیداوار میں کمی نہیں بلکہ ترسیلی نظام میں کمزوری ہے اور ترسیلی نظام میں کمزوریوں پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نون لیگ کے دور کے مہنگے منصوبوں کے باعث گردشی قرضے بھی قومی خزانے پر بڑا بوجھ ہیں جبکہ حکومت آر ایل این جی کے سستے معاہدے کئے ہیں۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close