ٹورنٹو (پی این آئی) کشمیر گلوبل کونسل کے سرینگر میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کو اپنی آزادی و خود مختاری پر کوئی بھی سمجھوتہ یا بین المملکتی معاہدہ نہ پہلے قبول تھا، نہ ہے اور نہ آئندہ ہوگا۔ یہ اجلاس سلیم ننا کی صدارت میں ہوا ہے ۔امریکہ سے ادارے کے سربراہ فاروق صدیقی ، نائب صدر اٹارنی مفتی شوکت فاروقی ، ترجمان پروفیسر حمیرہ گوہر، بورڈ ڈائریکٹر راجہ مظفر نے اپنے الگ پیغامات میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کی آزادی پر کمپرومایز نہیں کیا جا سکتا اور کے جی سی اپنے عوام کے اس موقف کو دنیا تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔کے جی سی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہم ریاست جموں کشمیر کی آزاد حیثیت جو اسے اگست ۱۹۴۷ سے پہلے حاصل تھی کی بحالی کی اپنی پر امن جدوجہد سیاسی اور سفارتی محاذوں پر جاری رکھیں گے۔ اس سلسلہ میں ایک ہما گیر پروگرام تشکیل دیا جا رہا جس میں کشمیری عوام کی نمائندگی کے لئیے سینیٹ کے قیام کا پروگرام بھی شامل ہے۔ جموں کشمیر کے آر پار میں جن نام نہاد لیڈروں نے کشمیری عوام کو انڈیا پاکستان کے مفادات کی جنگ کا ایندھن بنایا اور اپنے اور اپنے خاندانوں کے پیٹ بھرے آج انڈیا اور پاکستان کی حکومتیں ان ہی کو دوبارہ کشمیری عوام پر مسلط کرنا چاہتے ہیں ۔ کے جی سی نے ایسی سازشوں کو بے نقاب کرنے کی حکمت عملی بنا لی ہے۔ کشمیر گلوبل کونسل کا موقف ہے کہ جموں کشمیر کی جغرافیائی اہمیت اور پانیوں پر کنٹرول حاصل کرنے کی تین ایٹمی طاقتوں چین، بھارت اور پاکستان کے مابین جاری کشمکش نے کشمیری عوام کی زندگیاں اجیرن بنانے کے ساتھ ساتھ علاقائی امن کو خطرہ میں ڈال دیا ہے۔ ہم دنیا کو اس حقیقت سے آگاہ کرنے میں کوئ دقیقہ فروگزاشت نہیں کر رہے۔ ریاست جموں کشمیر کی وحدت ، شناخت کو شدید خطرات لاحق ھیں اپنی شناخت کے تحفظ کے لیے بلا تخصیص ریاستی عوام کو اپنا کردار ادا کرنا ھوگا۔ کے جی سی اپنے پلیٹ فارم سے ان کی رہنمائی کا فرض ادا کرے گا۔کے جی سی کے رہنماؤں نے ۱۳ جولائی ۱۹۳۱ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئیے پروگرام ترتیب دیا ہے۔ کے جی سی کے رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ چند لوگ 13 جولائی 1931 کے واقعات کو فرقہ وارانہ رنگ میں پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔کشمیر کے دونوں حصوں میں خارجی قوتوں کےساتھ ساز بازکر کے کچھ عرصہ سے جس طرح کشمیر کی تحریک اور تاریخ آزادی کو از سر نو ترتیب ذاور اس کو مسخ کرنے کا کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی حق ادائیگی میں مسلسل تساہل سے کام لیا جارہاہے۔ کشمیر گلوبل کونسل شہدا کشمیر کی قربانیوں کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں