تحریک انصاف، ن لیگ یا پیپلزپارٹی؟ کشمیریوں نے کونسی جماعت کو مقبول ترین قرار دیدیا؟

مظفرآباد(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حالیہ سروے میں کشمیریوں نے مسلم لیگ ن کو مقبول ترین جماعت قرار دیا، سینے پر گولیاں کھا نے والے بہادر کشمیری ووٹ کی حفاظت بھی کریں گے،عمران خان کا انتخابی نشان بلا نہیں چینی چور اور کشمیر فروش ہونا چاہیے،مسلم لیگ ن صرف مصلحت پسند جماعت نہیں رہی، حکومت آئی تو شاردہ میں یونیورسٹی بنائیں گے۔انہوں نے شاردہ میں انتخابی جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی اور آٹا چور کوکوہالہ برج سے واپس بھیج دیں گے، لوگوں کو رمضان شریف میں آٹے چینی کیلئے قطاروں میں لگایا، پھر انگوٹھے پر سیاہی کا نشان لگایا کہ دوبارہ نہ آجائیں، عمران خان کا انتخابی نشان مہنگی چینی ، آٹا چوری اور کشمیر فروشی ہونا چاہیے، آرٹی ایس کا بٹن دبا کر سلیکٹرز کے ساتھ سازباز کرکے وزیراعظم ہاؤس پر قبضہ کرکے بیٹھا ہوا ہے، وہ کیا جانے آزادی کیا ہوتی ہے؟بچہ بچہ کٹ مرے گا ، کشمیر صوبہ نہیں بنے گا، کشمیریوں کو آزادی کیا دلانی ہے پاکستان میں اس وقت بدترین قبضہ ہے، حق سچ کی بات کرنے والے صحافیوں کی آواز بند کردی جاتی ہے، ایسے لوگ کسی کو آزادی دلا سکتے ہیں؟ آزادی میں تو قبضہ مافیا کی موت ہے، انشاء اللہ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کو آزادی نوازشریف کی قیادت میں ملے گی۔ابھی ابھی سروے آیا کہ جس میں کشمیری عوام نے مسلم لیگ ن کو مقبول ترین جماعت قرار دیا ہے۔25جولائی کو صرف شیر پر مہر نہیں لگانی ، نوازشریف کو صرف ووٹ نہیں دینا بلکہ اپنے ووٹ کی حفاظت بھی کر نی ہے، کشمیری بہادر لوگ ہیں، جو کشمیر کیلئے سینے پر گولیاں کھا سکتے ہیں وہ اپنے ووٹ کی حفاظت بھی کریں گے، اپنے موبائل فون ساتھ رکھنا، کسی نے دھاندلی کرنے کی کوشش کی تو ان کو گردنوں سے پکڑ لینا، دھاندلی والوں نے ویسے نہیں جیتنا ان کی نظریں بیلٹ باکسز پر ہونی ہیں۔مسلم لیگ ن صرف مصلحت پسند جماعت نہیں، بلکہ مقابلہ کرنا سیکھ گئی ہے، پولنگ ایجنٹ رزلٹ کے بغیر گھر نہیں جائیں گے۔انشاء اللہ مسلم لیگ ن کی حکومت آئی تو شاردہ میں یونیورسٹی بنائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close