نواز لیگ اور پیپلز پارٹی نے پچھلے پانچ سال آپس میں مک مکا کر رکھا تھا، سردار عتیق احمد خان

مظفرآباد/ راولپنڈی (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی نے پچھلے پانچ سال آپس میں مک مکا کر رکھا تھا۔ فاروق حیدر سمیت ن لیگ کے اہم لوگوں نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دے کر منتخب کیا اور مل کر فرینڈلی اپوزیشن لیڈر بنانے میں بھی کردار ادا کیا۔ مسلم لیگ ن آج مکافات عمل کا شکار ہے۔ مسلم کانفرنس کو کمزور کیا گیا تو اس وقت ن لیگ نے حلف کی پاسداری نہیں کی۔ آج ان کی چیخ و پکار سمجھ سے بالا تر ہے،عمران خان کشمیریوں کے حقیقی ترجمان ہیں اور انھوں نے اپنے دور اقتدار میں ہمیشہ کشمیر کو فلش پوائنٹ پر رکھا، فاروق حیدر کو پانچ سال مسئلہ کشمیر یاد نہیں آیا اب محض سیاسی پوائنٹ سکورننگ کے لئے کشمیریوں کے ترجمان بننے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اطہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے نظریات کا زندہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ آج کشمیری، ہندوستان کی دس لاکھ افواج کے سامنے مسلم کانفرنس کا دیا ہوا نعرہ کشمیر بنے گا پاکستان نہتے کشمیری بلند کرتے ہوئے تحریک کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس نعرے کو بلند کرتے ہوئے آئے روز نوجوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ مسلم کانفرنس عام انتخابات میں پوری قوت کے ساتھ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے اور انشاء اللہ کامیابی حاصل کرے گی۔ تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ کارکنان مسلم کانفرنس الیکشن مہم کو تیزی سے جاری رکھتے ہوئے اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں۔ ہم نے ہمیشہ کشمیریوں کے بنیادی حق، حق خودارادیت پر بات کی اور اپنا واضح اور دوٹوک موقف اختیار کیا۔ مسلم کانفرنس کے خلاف ہمیشہ سازشوں کے جال بچھائے گئے مگر مسلم کانفرنس کے نظریاتی کارکنوں نے اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ مسلم کانفرنس نے ہمیشہ کارکنوں کو ان کا بنیادی حق دیا۔ آمدہ الیکشن میں کارکنان تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے نامزد امیدواروں کی جیت کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close