مظفرآباد/راولپنڈی (پی این آئی) انتخابات قریب آتے ہی مسلم کانفرنس کا گراف بلندی کی جانب گامزن، حلقہ بلوچ سے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما وامیدوار اسمبلی ابرار الحق منہاس ساتھیوں سمیت مسلم کانفرنس میں شامل، قائد مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے نئے شامل ہونیوالوں کو ہار پہنا کر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ابرارا لحق منہاس کی شمولیت سے حلقہ بلوچ میں مسلم کانفرنس مزید مضبوط ہوگی۔ مسلم کانفرنس کی صفوں میں جاندار، موثر، باوقار اور بااثر کارکنوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ماضی میں مسلم کانفرنس کمزور ضرور رہی مگر آنے والے انتخابات میں حیرت انگیز نتائج دے گی۔گزشتہ دس سالہ عرصے میں آزاد کشمیر کے ہر شعبہ زندگی کو پیچھے کی طرف دھکیلا گیا۔ مسلم کانفرنس میں نئے لوگوں کا آنا خوش آئند ہ ہے۔ آزاد کشمیر میں انتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ امیدواران اور کارکنان مسلم کانفرنس کو چاہیے کہ الیکشن کو شفاف بنانے کیلئے پونگ سٹیشنوں پر توجہ مرکوز کرلیں۔ مسلم کانفرنس ریاست جموں وکشمیر کی سواداعظم جماعت ہے۔ سیاسی کارکنوں کو اس جماعت کی مکمل بحال کیلئے اپنا اولین کردار ادا کرنا ہوگا۔ نوجوان ہماری بقاء کی ضمانت ہے‘ نوجوانوں نے ہی مستقبل میں تحریک آزادی کشمیر سمیت ریاستی مسائل پر دسترس حاصل کرکے ان پر قابو پانا ہے۔ سردار عتیق احمد خان نے مزید کہا کہ مسلم کانفرنس آئندہ عام انتخابات میں شاندار نتائج دے گی۔ اس لئے سیاسی کارکن حکومتی پالیسیوں سے مایوس ہوکر مسلم کانفرنس کا رخ کررہے ہیں ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہماری جماعت نے ہمیشہ کارکنوں کو عزت دی ہے‘ نئے شامل ہونیوالوں کو ان کا جائز مقام دیا جائے گا۔ آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کو صرف مسلم کانفرنس ہی سمجھتی اور ان کے حل کا ٹھوس پروگرام اور ویژن بھی رکھتی ہے۔ اس موقع پر مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے مرکزی چیئرمین سردار عثمان علی خان بھی موجود تھے۔ مسلم کانفرنس میں نئے شامل ہونے والے ابرارالحق منہاس نے کہا کہ غیر ریاستی جماعتوں کے نظریات سے تنگ آکر مسلم کانفرنس میں شمولیت اختیار کررہا ہوں کیونکہ مسلم کانفرنس ریاست کی واحد نظریاتی جماعت ہے جو کبھی اپنے نظریات و افکار پر سمجھوتہ نہیں کرتی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں