بیرسٹر سلطان آؤٹ، تنویر الیاس اِن، تحریک انصاف آزاد کشمیر کی انتخابی مہم کمیٹی قائم کر دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی)تحریک انصاف نے آزاد جموں و کشمیر میں 25 جولائی کو منعقد ہونے والے الیکشن کے لئے انتخابی مہم کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے بدھ کے روز آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے لئے پانچ رکنی انتخابی کمیٹی تشکیل دی۔

چیف آرگنائزر پی ٹی آئی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ، کمیٹی آزاد جموں و کشمیر میں پارٹی کی انتخابی مہم کی نگرانی کرے گی۔ کمیٹی مواصلات اور میڈیا مینجمنٹ کے لئے مکمل طور پر لیس ایک کنٹرول سنٹر بھی قائم کرے گی۔ یہ کمیٹی پی ٹی آئی کے امیدواروں کو بھی سہولت فراہم کرے گی جہاں پارٹی ناراض افراد کے لئے مفاہمت کی کوششوں کی ضرورت ہو گی۔اس کمیٹی میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کو چیئرمین، سردار تنویر الیاس خان کو ڈپٹی چیئرمین، خواجہ فاروق احمد، چوہدری محمد اخلاق اور سردار عبد القیوم کو رکن مقرر کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کمیٹی میں آزاد کشمیر تحریک انصاف کے صدر بیرسٹر سلطان محمود یا ان کے قریبی کسی رہنما کو شامل نہیں کیا گیا جبکہ پارٹی میں اب تک کوئی بھی عہدہ نہ رکھنے والے سردار تنویر الیاس کو ڈپٹی چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پارٹی کے اندرونی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس نوٹیفکیشن سے بیرسٹر سلطان آؤٹ اور تنویر الیاس ان ہو گئے ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close