پاکستان کو تباہ حال کرکے ملک سے بھاگنے والوں راستہ روکنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، سردار عتیق احمد خان کا دھیر کوٹ میں خطاب

دھیر کوٹ/ مظفرآباد (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کے انتخابات میں اپنا بھرپور کردار اداکریگی، پاکستان کو تباہ حال کرکے ملک سے بھاگنے والوں راستہ روکنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، میثاق جمہوریت کے نام پر قوم کو بے وقوف بنانے والے آزاد کشمیر میں درپردہ ایک دوسرے کی مدد کررہے ہیں، انھیں دو رنگی چھوڑ کر ایک کی کرپشن زندہ باد جماعت بنا لینا چاہیے، آزاد کشمیر کے خودار و باشعور عوام اپنا نفع نقصان اچھی طرح سے جانتے ہیں اور اب عوام جھانسوں میں نہیں آتے بلکہ اسی سمت کا تعین کرتے ہیں جو درست ہو،آزاد کشمیر کے الیکشن میں جعلی جمہوریت کے نعرے لگانے والوں اور کشمیر یوں کا ترجمان بننے والے اپنی شکست کا زخم سہہ نہیں پائیں گے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے دھیر کوٹ انتخابی مہم کے دوران مختلف مقامات پر منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں کہا کہ آزادکشمیر کے وزیراعظم سیاسی ہتھکنڈے استعما ل کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں، آزاد کشمیر کے انتخابات صرف حکومت قائم کرنے کیلئے منعقد نہیں کیے جاتے بلکہ انتخابات کا مقصد تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں ایسا حکومتی ڈھانچہ قائم کرنا ہوتا ہے جو تحریک آزادی کشمیر کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات و سیاست کا براہ راست تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کے حالات پراثر انداز ہوتے ہیں، یہاں کے وزیراعظم، وزراء اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لئے پاک فوج اور قومی اداروں کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں جو کہ پاکستانی اور کشمیری عوام کے درمیان غلط فہمیاں پید ا کرنے کا سبب بن رہا ہے، مسلم کانفرنس و پی ٹی آئی ایک پیج ورک پر کام کررہے ہیں عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو دنیا میں اجاگر کرنے کے لئے اپناکردار ادا کیا، مسلم کانفرنس نے بھی ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر اپنا جاندار اور دو ٹوک موقف اپنائے رکھا، سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ جب کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ہندوستان نے تبدیل کی تو اس وقت آزاد کشمیر کے وزیراعظم برطانیہ کے سیر سپاٹے پر تھے،پانچ سال تک کشمیر کا مسئلہ انھیں یاد نہیں آیا، محض سیاسی پوائنٹ کے طور پر مسئلہ کشمیر کو استعمال کررہے ہیں، باقی جتنے یہ کشمیریوں کے ہمدرد ہیں وہ سب جانتے ہیں، مسلم کانفرنس سے بڑا کشمیریوں کا ہمدرد کون ہو سکتا، مجاہد اول نے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ دے کر کشمیریوں کو ان کی سمیت کا تعین کروا دیاتھا، آج ہم سب اس بات کی تائید و حمائت کرتے ہیں کہ کشمیر یوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور کشمیریوں کی آخری منزل پاکستان ہے، اب انشاء اللہ مسلم کانفرنس بھرپور طریقے سے کامیابیوں کی طرف گامزن ہے، 25 جولائی کو جعلی حکمران ڈھونڈنے سے نظر نہیں آئیں گے، میرٹ، گڈ گورننس کے نام پر جو کشمیری عوام کے ساتھ ان پانچ سالوں میں کھلواڑ کیاگیا وہی ان پانچ سالوں میں حکمرانوں کا ثمر ہوگا۔دریں اثناء دھیر کوٹ میں ٹھیکیدار شاہد عباسی کی رہائش پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی، بعد ازاں ارجہ میں ادریس اعوان کے جواں سال بیٹے اور مظفر اعوان کے بھانجے کی وفات پر ان کے گھر جاکر اظہار تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close