آزاد کشمیرالیکشن 21، پی ٹی آئی برسر اقتدار آ کر صحافیوں کے لیے وزیر اعظم ہاؤسنگ پراجیکٹ سے ذاتی گھر ، صحت کارڈ کی سہولیات فراہم کرے گی، ارشاد محمود کا اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف برسراقتدار آکر ذرائع ابلاغ کی ترقی، استحکام اور عامل صحافیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر کام کرے گی کیونکہ ذرائع ابلاغ کسی بھی معاشرے اور ریاست کا چوتھا ستون تصور کیے جاتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اشتہارات کی موجودہ پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے اشتہاری بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا تاکہ مقامی میڈیا خودانحصاری کی منزل حاصل کرسکے۔ ریاستی اخبارات کو قومی اخبارات کے برابر لانے کے لیے ان کے اشتہارات کے نرخوں میں اضافہ کیا جائے گا ۔ آزاد کشمیر کے تینوں ڈویژن میں اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر پریس فاؤنڈیشن کو مزید فعال بنا کر صحافیوں اور ان کے خاندان کے لیے علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے گا ۔ پاکستان کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے لیے آزاد کشمیر میں کام کرنے والے صحافیوں کو تنخواہوں اور دیگر مراعات کی ادائیگی کے لیے ایک میکانزم بنایا جائے گا ۔ پاکستان ٹیلی وژن مظفرآباد کے مسائل کے حل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی برسراقتدار آکر پی ٹی وی مظفرآباد اسٹیشن میں توسیع اور اس کے ملازمین کے مسائل وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت کے ذریعے طے کرائے گی ۔ سوشل میڈیا کے منفی استعمال کو روکنے اور مثبت استعمال کے لیے قانون سازی کی جائے گی ۔ پرنٹ اور ٹی وی میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے لیے وزیر اعظم ہاؤسنگ پراجیکٹ سے ذاتی گھر اور صحت کارڈ کی سہولیات دی جائیں گی ۔ انہوں بلاگرز اور ویب سائیٹ چلانے والے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ پی ٹی آئی کی حکومت انٹرنیٹ کے صارفین کی تعداد میں ہونے والے مسلسل اضافے کے پیش نظر وزارت اطلاعات کے زیراہتمام ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ پالیسی متعارف کرائی جائے گی تاکہ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تشہیر کی جا سکے ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close