رالپنڈی /مظفرآباد(پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس پوری قوت کے ساتھ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہے اور انشاء اللہ کامیابی حاصل کرے گی۔ تحریک آزاد ی کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ مسلم کانفرنس نے کبھی کشمیر پر سیاست نہیں کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجاہد منزل پر آزاد کشمیر سے آئے ہوئے مسلم کانفرنس میرپور ڈویژن کے صدر چوہدری خضر حیات، سوشل میڈیا ونگ کی چیئرپرسن و امیدوار اسمبلی سمعیہ ساجد راجہ، امیدوار اسمبلی حلقہ کھڑی شریف چوہدری فیض حمید فیضی، امیدوار اسمبلی چکسواری سائیں ذوالفقار، راجہ ذکی جبار، سابق کوآرڈی نیٹر قاضی ظفر، لیاقت رانا، سرفراز علی رانا اور دیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران نامزد امیدواروں نے اپنے اپنے حلقوں کے حوالے سے انتخابی مہم پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے قائد مسلم کانفرنس نے کہا کہ کارکنان مسلم کانفرنس الیکشن مہم کو تیزی سے جاری رکھتے ہوئے صفوں میں اتحاد قائم رکھیں۔ہم نے ہمیشہ کشمیریوں کے بنیادی حق، حق خودارادیت پر بات کی اور اپنا واضح دوٹوک موقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے خلاف ہمیشہ سازشوں کا جال بچھایا گیا مگر مسلم کانفرنس کے نظریاتی کارکنوں نے اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ مسلم کانفرنس نے ہمیشہ کارکنوں کو ان کا بنیادی حق دیا۔ آمدہ الیکشن میں کارکن تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے امیدواروں کی جیت کیلئے اہم کردار ادا کریں اور مسلم کانفرنس میں جو لوگ شامل ہورہے ہیں ان کو جائز مقام دیا جائے گا۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کررکھا ہے اور اس کی بنیاد مضبوط و مستحکم ہے۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں