آزاد کشمیر الیکشن 21، سابق امیدوار اسمبلی حلقہ سماہنی راجہ محمد رزاق خان مرحوم کے فرزند راجہ عدنان رزاق مسلم کانفرنس میں شامل

راولپنڈی (پی این آئی) انتخابات قریب، مسلم کانفرنس کا گراف بلندی کی جانب، سماہنی مسلم لیگ ن کو بڑا دھچکا، سابق امیدوار اسمبلی حلقہ سماہنی راجہ محمد رزاق خان مرحوم کے فرزند راجہ عدنان رزاق مسلم کانفرنس میں شامل، عدنان رزاق نے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان سے ملاقات کرتے ہوئے مسلم کانفرنس میں شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر سردار عتیق احمد خان نے ان سمیت دیگر شمولیت اختیار کرنے والوں کو ہار پہنا کر خوش آمدید کہا اور سماہنی سمیت آزاد کشمیر کے دیگر سیاسی حلقہ انتخابات کی صورتحال و تیاریوں پر بات چیت کی گئی، شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مرحوم راجہ محمد رزاق خان عوامی لیڈر تھے ان کی عوامی خدمات لائق تحسین اور قابل رشک ہیں، جلد دورہ سماہنی کے دوران ان کی قبر پر حاضری دونگا،انہوں نے کہا کہ آنے والا دور مسلم کانفرنس کاہے، اللہ تعالی نے لوگوں کے دل مسلم کانفرنس کی طرف موڑ دیئے ہیں، حالات بتا رہے ہیں کہ مسلم کانفرنس پر مشکل وقت ختم ہو چکا ہے، مسلم کانفرنس کے وہ کارکن جو استقامت سے جماعت کے ساتھ کھڑے رہے ہم انھیں سلام پیش کرتے ہیں، مسلم کانفرنسی کارکنوں نے پہاڑ جیسی استقامت کا مظاہرہ کیا، حکومتی ظلم و ستم سہتے رہے لیکن ان کے پائیہ استقلال میں کوئی لرزش نہیں آئی، آئے روز مسلم کانفرنس میں لوگوں کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم کانفرنس سواد اعظم جماعت ہے جو تحریک آزادی سمیت مقبوضہ کشمیر میں لازوال قربانیاں پیش کرنے والوں کے دکھوں کا مداوا کر سکتی ہے، مسلم کانفرنس میں شامل ہونے والوں کی عزت و تکریم کا بھرپور خیال رکھا جائے گا، ہم سب ملکر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں کامیابیاں حاصل کرینگے، کارکن متحد ہو کر نئے شامل ہونے والوں کی رہنمائی کرتے ہوئے ان کے لئے دل کشادہ رکھیں، تمام کانفرنسی ایک پلیٹ فارم پر ہیں اور جماعت کی کامیابی کے لئے بھر کردار ادا کررہے ہیں، مسلم کانفرنس کا بنیادی منشور تحریک آزادی و کشمیریوں کی فلاح بہبود کیلئے اپنی تمام تر کاوشوں کو برؤے کار لانا ہے،مسلم کانفرنس نے ہمیشہ اولین فرصت میں کشمیریوں کی ترجمانی کی اور مجاہد اول کا نعرہ کشمیر بنے گا پاکستان گھر گھر پہنچانے کا سفر جاری رکھا، کشمیریوں کی منزل پاکستان اور اس منزل کے حصول کے لئے پاکستانی و کشمیری عوام برسوں سے قربانیاں دیتے آرہے ہیں، اس موقع پر عدنان رزاق نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پانچ سال تک کارکنوں کو مکمل نظر انداز کیا، والد محترم راجہ محمد رزاق خان نے بیماری کے دوران بھی بھرپورسپورٹ کرتے ہوئے آخری دم تک جماعت کیلئے کام کیا، اس کے باوجود انہیں نظر انداز کیا گیا،مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے مرکزی چیئرمین سردار عثمان علی خان، سینئر وائس چیئرمین راجہ شاہد رضا بھی موجود تھے،اس موقع پر عدنان رزاق نے مذید کہا کہ ہم ریاستی جماعت میں غیر مشروط طور پر شامل ہوئے ہیں، الیکشن میں سماہنی سے مسلم کانفرنس کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کریں گے، آنے والا دور مسلم کانفرنس کا ہے، مسلم کانفرنس ایک نظریہ کا نام ہے، جبکہ گزشتہ اور موجودہ حکمرانوں نے محض عوام کے حقوق کو سلب کیا ہے، کارکن متحد و منظم ہو کر الیکشن مہم چلائیں ان شاء اللہ کامیابی مسلم کانفرنس کا مقدر ٹھہرے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close