مظفرآباد (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ شفاف اور دھاندلی سے پاک انتخابات کے انعقاد کے لئے سیاسی بنیادوں پر تعینات تمام بلدیاتی اداروں بلدیہ و ضلع کونسلز کے ایڈمنسٹریٹرز ،کشمیر لبریشن سیل میں لگے کوآرڈینیٹرز، ملازمین ،اور مشیروں کو فی الفور فارغ کیا جائے، ہفتہ کو میڈیا کے ذریعہ چیف الیکشن کمشن سے اپنے مطالبے میں چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ یہ تمام لوگ سیاسی بنیادوں پر بھرتی کئے گئے تمام ن لیگ کے عہدے دار ہیں اور پوری طرح انتخابی سیاست میں ملوث ہیں۔ الیکشن میں حصہ لینے والی جماعتوں میں اس حوالے سے گہری تشویش اور اضطراب پایا جاتا ہے الیکشن کمیشن اس معاملے کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام وزیر ،مشیر اور صوابدیدی عہدوں پر فائز افراد سرکاری گاڑیاں اور وسائل ن لیگی امیدواروں کی الیکشن مہم چلانے پر استعمال کررہے ہیں جو دھاندلی کے زمرے میں آتی ہے۔ سرکار کے پاس وسائل عوام کی امانت ہیں اور عوام کے ٹیکسوں کی رقم ہے جس پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ صاف اور شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے فوری ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ پیپلزپارٹی توقع کرتی ہے کہ الیکشن کمشن اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں