الیکشن کمیشن پر مکمل اعتماد ہے، عام انتخابات کا بروقت انعقاد کر کے آئین کی خلاف ورزی سے بچا جائے، چوہدری لطیف اکبر کا چیف الیکشن کمشنر کے نام خط

مظفرآباد (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے چیف الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر پر زور دیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2021 کے شیڈول کا اعلان مقررہ وقت پر کیا جائے تاکہ تاخیر کی صورت میں پیدا ہونے والی کسی بھی غیر متوقع صورت میں احتجاج سے بچا جاسکے۔

جمعرات کو چیف الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے نام لکھے گئے اپنے خط میں چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ ایک ریاستی ادارہ ہونے پر ہم الیکشن کمیشن پر مکمل اعتماد اور اسے معزز ادارہ سمجھتے ہیں ،اگرچہ دنیا کرونا وبا کے باعث پیدا شدہ بری صورتحال سے دوچار ہے تاہم وطن عزیز میں این سی او سی کی طرف سے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط کاروبار زندگی رواں دواں ہے۔ خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کا عبوری آئین ایکٹ 74 کا آرٹیکل 22 کا ذیلی آرٹیکل 4 کہتا ہے کہ اسمبلی کی مقررہ مدت پوری ہونے کے 60 دن کے اندر عام انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے۔ اس لئے یہاں یہ ذکر کرنا ضروری ہے کہ انتخابات میں کسی بھی قسم کی تاخیر انتخابی عمل کو مشکوک بنا دے گی علاوہ ازیں وفاقی حکومت کا اثر رسوخ بھی پڑے گا۔ پارٹی نے ایک سرکلر کے ذریعے اپنی تمام ذیلی تنظیموں کو ہدایت کر رکھی ہے کہ وہ سیاسی اجتماعات اور کارنر میٹنگز میں کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں ساتھ ہی تمام ورکروں کو کرونا ویکسین لگوانے کی بھی سفارش کی ہے۔ ایسی صورت میں جبکہ عوام موجودہ حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہیں انھیں نئی قیادت کے انتخاب کا موقع دینے کے لئے انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا شیڈول جاری کیا جائے تاکہ لوگ اپنا حق رائے استعمال کر سکیں اور کسی بھی متوقع احتجاجی صورت حال سے بچا جاسکے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close