آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرینگے، سردار عتیق احمد خان کی پارٹی کارکنوں سے گفتگو

راولپنڈی (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہیکہ مسلم کانفرنس غازیوں شہیدوں کا قافلہ اور تحریک آزاد ی کی بانی جماعت ہے، مسلم کانفرنس کشمیر کے تشخص اور پاکستان سے الحاق کی داعی ہے، کارکن الیکشن کی تیاریاں کریں، مخالفین کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، مسلم کانفرنس کے وہ کارکن جو ہر مشکل وقت میں جماعت کے ساتھ کھڑے رہے انھیں سلام پیش کرتے ہیں، مسلم کانفرنسی کارکنوں نے پہاڑ جیسی استقامت کا مظاہرہ کیا، حکومتی ظلم و جبر سہتے رہے، لیکن ان کے پائے استقامت میں کوئی لرزش نہیں آئی، گزشتہ روز مجاہد منزل حلقہ پانچ پاچھوٹ راولاکوٹ سے مسلم کانفرنس کے نائب صدر سردار طاہر اکرم ایڈووکیٹ، سردار نشاط اکبر خان، سردار منظور چغتائی، مسلم کانفرنس شعبہ خواتین کی وائس چیئرپرسن محترمہ ریحانہ خان، سردار ناصر ودیگر نے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان سے ملاقات کی، اس دوران وفد سے بات چیت کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاست کی سواد اعظم جماعت ہے جو تحریک آزاد ی کشمیر سمیت مقبوضہ کشمیر میں لازوال قربانیاں کرنے والوں کے دکھو ں کا مدوا کر سکتی ہے، ہم سب مجاہد اول کے سپاہی اور کارکن ہیں، جماعت کو دیگر پارٹیوں کے مقابلے میں کامیابی کے لئے میدان میں اتار دیا ہے، انشاء اللہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرینگے، سالار جمہوریت سپریم ہیڈ سردار سکندر حیات خان کی قیادت میں مسلم کانفرنس آزاد کشمیر بھر سے شاندار کامیابیاں سمیٹے گی، مسلم کانفرنس کسی حادثے کی پیداوار نہیں، ریاست جموں وکشمیر میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی نمائندہ جماعت ہے، اقتدار ہماری منزل نہیں، جو بھی فیصلہ کیا وہ ریاستی تشخص اور عوام کے وقار کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا، جماعتی کارکن صبر استقامت کے ساتھ جماعت کی مضبوطی اور الیکشن میں کامیابی کے لئے اپنا کام جاری رکھیں، آزاد کشمیر کے مختلف اقسام کے مسائل اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے متعدد ہو کر چلنا ہوگا، چونکہ یہ وقت اور حالات کی ضرورت ہے، مسئلہ کشمیر اس وقت اہم موڑ پر پہنچا چکا، تاہم اس وقت کشمیر پر سیاست نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں اس پار کے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close