برطانوی ہائی کمشنر کی بیرسٹر سلطان محمود سےاہم ملاقات

اسلام آباد ( پی این آئی) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں وکشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشن کے قائمقام ہائی کمشنر الیگزینڈر ایونز(Alexander Evans) کی تفصیلی ملاقات۔اس موقع پر ملاقات میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے برطانیہ کے قائمقام ہائی کمشنر الیگزینڈر ایونزکو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی پرتفصیلی بریفنگ دی۔بالخصوص 5 اگست کوبھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کے بعد کی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایک طرف بھارت میں کوروناکی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر لاک ڈاؤن ہے جبکہ دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے جبراً لاک ڈاؤن لگا رکھا ہے۔ جس سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال خاصی تشویشناک ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے برطانیہ کے قائمقام ہائی کمشنر الیگزینڈر ایونزکو بتایا کہ آزاد کشمیر میں جولائی کے وسط میں انتخابات متوقع ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن کا انعقاد منصفانہ اور شفاف انداز میں ہو۔آزاد کشمیر چونکہ آزادی کا بیس کیمپ ہے اور یہاں سے ہی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جانا ہے لہذا آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ یہاں پر الیکشن منصفانہ اور شفاف ہونے چاہیں۔لہذا ہم برطانوی حکومت کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ اگرچاہے تو ان انتخابات کو مانیٹر کر سکتی ہے۔ تاکہ وہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں فرق واضح طور پر محسوس کر سکیں کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں انتخابات جعلی ہوتے ہیں اور نوے فیصدمقبوضہ کشمیر میں الیکشن کا بائیکاٹ کیا جاتا ہے۔جبکہ یہاں پر الیکشن بہتر ماحول میں منعقد کیے جاتے ہیں۔اس موقع پرآزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف آزادجموں و کشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور برطانوی ہائی کمشن کے قائمقام ہائی کمشنر الیگزینڈر ایونز(Alexander Evans)کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close