این سی او سی کی آزاد کشمیر الیکشن ملتوی کرنے کی سفارش، آئین کے تحت الیکشن کن صورتوں میں ملتوی کیے جا سکتے ہیں؟ تفصیلات آگئیں

اسلام آ باد(آن لائن)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و صدر مسلم لیگ ن محمد شہباز شریف اور وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر نے آزادکشمیر کے انتخابات کے حوالے سے این سی او سی کے خط کے حوالے سے دریافت کیا ۔ وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر کے انتخابات کو ملتوی کرنا این سی او سی یا الیکشن کمیشن آزادکشمیر کے دائرہ اختیار میں نہیں۔انتخابات صرف اسی صورت ملتوی ہوسکتے ہیں جب ریاست میں خانہ جنگی کی کیفیت ہو بیرونی جارحیت ہو یا سول نافرمانی۔ایک ایسے وقت میں جب ملک بھر میں کورونا کیسز کم ہورہے ہیں این سی او سی کی جانب سے انتخابات کے التوا کی بات سمجھ سے بالاتر ہے ۔راجہ فاروق حیدر نے کہا الیکشن کے التوا کا اختیار صرف قانون ساز اسمبلی کو ہے جو آئینی ترمیم کے ذریعے اس میں اضافہ کر سکتی ہے الیکشن کمیشن کو بھی یہ اختیار ہمارے آئین کے تحت نہیں ۔آزادکشمیر کے آئین کے تحت این سی او سی کا دائرہ کار یہاں تک نہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا پی ٹی آئی سیاسی فائدے کے لئے انتخابات ملتوی کرنا چاہتی ہے ۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہاجو آزادکشمیر کا آئین و قانون کہتا ہے پاکستان مسلم لیگ ن اس کے ساتھ کھڑی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close