پی ٹی آئی کی مقبولیت بڑھنے لگی، عمران خان نے سیاسی میدان کی بڑی وکٹیں اڑا لیں

اسلام آباد(آن لائن )وزیر اعظم عمران خان سے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران نے ملاقات کی ہے ۔ اس موقع پر ممبران قانون ساز اسمبلی علی شان سونی، علی رضا بخاری، صغیر چغتائی ، سابق سپیکر انوارالحق اور سابق وزیر شہزاد چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت ، ویڑن اور پاکستان تحریک انصاف کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔ دوران ملاقات ممبران قانون ساز اسمبلی نے کہا کہ جس مدبرانہ اور مربوط حکمت عملی سے وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو مالی بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے اور جس موثرانداز میں انہوں نے بین الاقوامی فورمز پر نہ صرف کشمیر بلکہ اسلام کا مقدمہ لڑا ہے وہ نہایت قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے ویڑن اور عملی اقدامات سے متاثر ہو کر پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے ویڑن کو مزید آگے بڑھا سکیں ۔ملاقات میں وزیر اطلاعات چوہدری فواد احمد، وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور، سیف اللہ نیازی، عامر کیانی، ارشد داد، سلطان محمود چوہدری و دیگر بھی موجود تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں