کنٹریکٹ ملازمین کو میرٹ کے بغیر سرکاری نوکری دینا ہزاروں بے روزگار، تعلیم یافتہ نوجوانوں کے حق پر ڈاکا ہے، ارشاد محمود

راولاکوٹ (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے حکمران جماعت نون لیگ کی طرف سے میرٹ اور انصاف کے اصولوں کے مغائر سینکڑوں کنٹریکٹ اور عارضی ملازمین کو بغیر ٹیسٹ اور انٹرویو کے سرکاری نوکری دے کر ہزاروں بے روزگار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے حق پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف قراردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر اسمبلی جس کی مدت کے خاتمے میں چند ہفتے باقی ہیں نے کنٹریکٹ اور ایڈہاک ملازمین کو مستقل ملازمت دے کر پری پول دھاندلی کی ہے۔
پی ٹی آئی آزادکشمیر قانون کی حکمرانی اور میرٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ پی ٹی آئی لاکھوں تعلیم یافتہ اور بے روزگارنوجوان کی آواز بنے گی۔ اس قانون کے خلاف بھرپور احتجاج کے علاوہ اعلیٰ عدالتوں کا دروازہ بھی کھٹکھانا جائے گاکیونکہ ماضی میں عدالتوں نے اس سے ملتی جلتی قانون سازی کو کالعدم قراردیا تھا اور میرٹ اور انصاف کا بول بالا کیا تھا۔ارشادمحمود نے کہا کہ میرٹ کے اصول کی خلاف ورزیوں کے نتائج آنے والی نسلوں کو بھگتنا ہوں گے ۔اگر حکومت نے ایسے ہی بھرتیاں کرنی ہیں تو پبلک سروس کمیشن کے دفتر پر تالے لگادے۔ انہوں نے طلبہ تنظمیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ اس زیادتی کے خلاف منظم احتجاج کے ذریعے حکومت کو مجبور کریں کہ وہ اس کالی قانون سازی کو واپس لے لے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close