آزاد کشمیر الیکشن 21، پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے انٹرویو مکمل، حتمی منظوری بلاول بھٹو دیں گے

اسلام آباد (آئی این پی) پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سید حسین بخاری نے کہاہے کہ پارلیمانی بورڈ نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے مشاورت مکمل کر کے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو رپورٹ پیش کر دی۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے قائم کردہ آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے لئے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر مسز فریال تالپورکے زیر صدارت زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر، جنرل سیکریٹری آزاد کشمیر فیصل راٹھور، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید سمیت بورڈ کے تمام اراکین نے شرکت کی۔ پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید حسین بخاری نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے مشاورت مکمل کر کے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو رپورٹ پیش کر دی ۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نامزد امیدواروں سے انٹرویو کرکے امیدواروں کے بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسز فریال تالپور نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے جیالے بھرپور قوت کے ساتھ انتخابی مہم چلائیں گے۔ یقین ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے انتخابات جیت کر جیالا وزیراعظم لائے گی اور آزاد جموو کشمیر کا صدر بھی جیالا ہی ہوگا۔ مسز فریال تالپور نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کبھی بھی آمروں کے سامنے نہیں جھکے پیپلزپارٹی کی قیادت بہادر ہے اورجیالے بھی بہادر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے منشور پر انتخابات لڑے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو مودی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ کشمیری عوام اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام جلد بھارتی کی غلامی اور قید سے آزاد ہوں گے۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close