آئندہ انتخابات میں کامیابی کے لئے آزاد کشمیر کے ہر گھر بلاول بھٹو کا پیغام پہنچائیں، فریال تالپور کی زیرصدارت پارلیمانی بورڈ کا اجلاس

اسلام آباد (پی این آئی) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے قائم کردہ آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے لئے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس زیر صدارت مسز فریال تالپور زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، چوہدری لطیف اکبر، چوہدری عبدالمجید اور فیصل راٹھور سمیت بورڈ کے تمام ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما اور شعبہ خواتین کی مرکزی صدر مسز فریال تالپور نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جس کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کشمیریوں کی آواز، رائے شماری کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہوتی ہے تو بھارت کو یہ جراءت نہیں ہوتی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم کرے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ کشمیر ہمارا ہے، ہم اس کے لئے سو سال تک جنگ لڑیں گے۔ مسز فریال تالپور نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے وفد کو بھی شریک کرکے بھارت کو واضح پیغام دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے عالمی سطح پر کشمیر کاز کو اجاگر کیا۔ ان کی قائدانہ صلاحیت کی وجہ سے برطانیہ کے اراکین پارلیمنٹ مسٹر گیلوے سمیت دیگر اراکین پارلیمنٹ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے آواز بلند کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو کے 1996ءمیں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی حکومت کو برطرف کرنے کے بعد مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈال دیا گیا اور برطانوی رکن پارلیمنٹ مسٹر گیلوے کے خلاف کردار کشی کی مہم شروع کی گئی جس کی وجہ سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا۔ مسز فریال تالپور نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے بھی عالمی سطح پر کشمیر کاز کو اجاگر کیا اور پاکستان کے پارلیمانی وفود عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر کے لئے آوا زبلند کرتے رہے۔ مسز فریال تالپور نے کہا کہ رائے شماری کشمیریوں کا جمہوری اور بنیادی حق ہے۔ اب کشمیریوں کے لئے امید کی واحد کرن چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ہیں جو قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے سیاسی جانشین ہیں۔ دنیا کشمیر کاز کے حوالے سے عالمی دنیا میں ان کی ہم آواز بن سکتی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کشمیریوں کی رائے شماری کے حق کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں۔ مسز فریال تالپور نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان نے مودی کی محبت میں کشمیر کو قربان کر دیا ہے۔ مسز فریال تالپور نے پیپلزپارٹی آزادجموں و کشمیر کی قیادت کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں کامیابی کے لئے آزادکشمیر میں ہر گھر کا دروازہ کھٹکھٹا کر بلاول بھٹو زرداری کا پیغام پہنچائیں اور امید دلائیں کہ بلاول بھٹو زرداری انہیں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی طرح مایوس نہیں کریں گے اور کشمیریوں کی مشکلات ختم کریں گے۔ موجودہ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے مودی کو مقبوضہ کشمیر میں ظلم کرنے کا حوصلہ ہوا ہے۔ پیپلزپارٹی کے پارلیمانی بورڈ میں آئندہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کے لئے امیدواروں کی فہرست اور سفارشات چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پیش کی جائیں گی جس پر وہ حتمی فیصلہ کریں گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں