ملک میں قانون کی بالادستی اورانصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کردار مرکزی اہمیت کا حامل ہے، سردار عتیق احمد خان کی سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ سے گفتگو

راولپنڈی، مظفرآباد (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں قانون کی بالادستی اورانصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کا کردار مرکزی اہمیت کا حامل ہے، وکلاء کی قیادت اعزاز کے ساتھ ساتھ بھاری ذمہ داری بھی ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز ہائی کورٹ بار کے صدر عبدالرازق خان ایڈووکیٹ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی سربلندی اور قانون کا احترام کسی بھی معاشرے کے لئے ضروری ہوتا ہے، اگر قانون کی حاکمیت نہ ہوتی تو معاشروں میں جنگل کا قانون لاگو ہوتاہے، اور قانونی کی حاکمیت میں وکلاء کمیونٹی کا کردار بنیاد ی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک قانونی مقدمہ ہے، اس مقدمے کی قانونی بنیادوں پر رہ کر ہی ہم دنیا میں سفارتی محاذ پر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، وکلاء کو اپنے پیشہ وارانہ امور کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے قانونی نکات اور پہلوؤں پر بھی غور و فکر اور تحقیق کرنی چاہیے، سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی محافظ، علمبردار اور ریاستی جماعت ہونے کی حیثیت سے اس جماعت کا مستقبل میں بھی اہم رول ہے، قانون کی سربلندی میں وکلاء کے ساتھ ہیں، ملاقات میں آزاد کشمیر کے عدالتی آہنی بحران، سیاسی و مقبوضہ کشمیر میں تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثناء قائد مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان سے مسلم کانفرنس کے سینئر نائب صدرسردار الطاف خان، ضلع کوٹلی کے صدر راجہ آفتاب اکرم نے بھی ملاقات کی، اور آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی، اس موقع پر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کارکن الیکشن کی تیاریاں کریں۔ مسلم کانفرنس آمدہ انتخابات میں پوری قوت کے ساتھ میدان میں اترے گی اور انشاء اللہ کارکنوں کی محنت اور کوششوں سے ایک بار پھر کامیابی حاصل کریگی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close