راولپنڈی (پی این آئی) مسلم کانفرنس کے قائد سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آزادکشمیر کا موجودہ سیٹ اپ ہمارے اسلاف کا کارنامہ ہے۔ مشکل ترین حالات سے گزار کر ہماری لیڈر شپ نے ریاستی ڈھانچہ حاصل کیا تھا اس پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ یہ تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے اور کشمیری عوام کی اُمیدیں اس سے وابستہ ہیں مسلم کانفرنس کی مثالی تاریخ ہے جماعت کے اوپر ہر دور میں آزمائشیں آتی رہیں قیادت نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور سرخرو ہوتے رہے۔ مسلم کانفرنس دن بدن مضبوط ہوتی جارہی ہے جلد آزادکشمیر سے بہت اہم لوگ مسلم کانفرنس کا حصہ ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں مجاہد منزل میں مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سردار واجد بن عارف ایڈووکیٹ، سیکرٹری اطلاعات راجہ ذکی جبار، ایڈیشنل سیکرٹری سردار کلیم ارباب اور مسلم کانفرنسی رہنماء سردار اجمل نکیالوی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار عتیق نے کہا کہ مسلم کانفرنس طویل عرصہ سے اپوزیشن میں ہے مگر جماعتی کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں۔ انہی کے مضبوط حوصلہ کی بدولت آج ریاست بھر سے لوگ مسلم کانفرنس میں جوق درجوق شامل ہو رہے ہیں۔ یہ سال الیکشن کا ہے اور مسلم کانفرنس بھرپور حکمت عملی سے انتخابی میدان میں اتر کر سرپرائز دے گی۔ اسوقت آزادکشمیر میں کوئی بھی سیاسی جماعت اکیلے حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ انتخابات میں اتحاد بنیں گے۔ مسلم کانفرنس کے بغیر کوئی حکومت سازی کا عمل عبور نہیں کر سکتا۔ مسلم کانفرنس کا اہم رول ہوگا۔ کارکن الیکشن کی تیاری کریں۔ انتخابی حلقوں میں مضبوط اُمیدوار اتاریں گے۔ مسلم کانفرنس نے اپنے سیاسی کارڈ ابھی کھیلے ہی نہیں الیکشن کا میدان سجنے پر اپنے کارڈ حکمت عملی کے تحت کھیلیں گے۔ اُنھوں نے کہا کہ جماعت کا یوتھ ونگ ہماری طاقت ہے یوتھ کے نوجوانوں نے ریاست بھر میں یوتھ کنونشن کروا کر سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا جس پر یوتھ ونگ کی ساری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ مسلم کانفرنس ایک نظریاتی جماعت ہے اس سے کشمیریوں کی اُمیدیں وابستہ ہیں تحریک آزادی کشمیر ہویا نظریا الحاق پاکستان ہو یا پھر ریاست بھر میں تعمیر و ترقی مسلم کانفرنس کا مثالی کردار رہا ہے۔ نوجوانوں کو چاہئے کہ جماعت کے نظریات کو ہر عام و خاص تک پہنچائیں اس جماعت سے ریاستی تشخص وابستہ ہے۔ اس موقع پر صدر یوتھ ونگ سردار واجد نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر مسلم کانفرنس یوتھ ونگ ایک مضبوط قوت بن کر ابھری ہے اور آئندہ الیکشن میں مسلم کانفرنس کے ہر اول دستہ کا کردار ادا کرے گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں