اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی بورڈ نے آزاد کشمیر کے آمدہ عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹوں کے لئے موزوں امیدواروں کے چناؤ کے سلسلہ میں انٹرویوز مکمل کر لئے ،چار روز تک جاری رہنے والے انٹرویوز میں اسمبلی کی 45 نشستوں کے لئے196 امیدوار پارلیمانی بورڈ کے سامنے پیش ہوئے۔ پیر کے روز کشمیری مہاجرین مقیم پاکستان کی جموں اور ویلی کے لئے مختص 12نشستوں پر حصہ لینے کے \
خواہشمند 25 درخواست گزاروں سے انٹر ویوز لئے گئے۔ پیر کو زرداری ہاؤس میں سیاسی امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور کی زیر صدارت پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں پارٹی کے مرکزی رہنماؤں راجہ پرویز اشرف ،سید نیر حسین بخآری، قمر الزمان کائرہ ،چوہدری لطیف اکبر، چوہدری عبدالمجید ، چوہدری پرویز اشرف ، چوھدری محمد یاسین ،فیصل ممتاز راٹھور،سردار جاوید ایوب ،سردار قمر زمان،میاں عبدالوحید ،عامر غفار لون،سید اظہر گیلانی ، ،نبیلہ ایوب خان ،اور چوہدری فخر الزمان نے شرکت کی جبکہ سیکرٹری کوآڈینیشن پی پی پی آزاد کشمیر عامر ذیشان جرال نے پارلیمانی بورڈ کی معاونت کی۔ سردار یعقوب خان ممبر بورڈ کرونا پازیٹیو ھونے کیوجہ سے بورڈ میٹنگ میں شریک نہیں ھو سکے۔انٹرویوز کے اختتام پر سیاسی امورکی انچارج محترمہ فریال تالپور نے پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے ٹکٹوں پر الیکشن لڑنے کے لئے مقابلے کی صحت مند فضا پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا اور اسے آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کی کامیابی کے لئے ایک بڑی کامیابی قرار دیا انہوں نے کہا کہ پارٹی انتخابات میں جانے سے قبل متحد ہے اور پوری قوت کیساتھ مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ورکر عوام کا مینڈیٹ چوری ہونے سے بچانے کے لیے ابھی سے کمر بستہ ہو جائیں آزاد کشمیر کے عوام پیپلزپارٹی کے سوا کسی دوسرے پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہوں گے۔ پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر میں اپنے سابق دور حکومت میں میگا ترقیاتی منصوبے مکمل کئے،تحریک آزاد ی کشمیر کو مضبوط بنایا اور لوگوں کو معاشی طور پر مستحکم کیا۔ ہم آئندہ بھی کشمیری عوام کی آواز بننے اور ان کی خدمت کے لئے پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں تیار ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں