مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں کوروناوائرس کی تیسری لہر انتہائی خطرناک ثابت ہورہی ہے، روزانہ بڑی تعداد میں لوگ اس وباء سے جاں بحق ہورہے ہیں، ہسپتالوں میں بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے،کچھ علاقوں میں مثبت کیسز کی شرح26فیصد تک پہنچ گئی ہے،اگر یہی صورتحال جاری رہی تو شاید کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے،آزاد کشمیر میں پہلی لہر کے دوران اللہ کے فضل و کرم سے بہت بچت ہوئی‘دوسری لہر میں بھی کافی کیسز آئے جبکہ تیسری لہر انتہائی خطرناک ثابت ہورہی ہے، کورونا سے بچاؤ کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو حالات قابو سے باہر ہو جائیں گے، تمام کوششوں کے باوجود روزانہ مثبت کیسزبڑھ رہے ہیں۔ ایک دن میں دس افراد کی اس وباء سے موت ہونا معمولی بات نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیراعظم کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالہ سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی، وزیرخوراک سید شوکت علی شاہ، معاون خصوصی نسیم سرفراز، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری صحت، سیکرٹری خوراک نے شرکت کی جبکہ کمشنرز اور ڈی جی ہیلتھ نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری صحت نے بتایا کہ اس وقت آزادکشمیر میں 2274 کیسز ایکٹیو ہیں جن میں سے90ہسپتالوں میں زیر علاج اور ان میں سے 2 وینٹی لیٹرز پر ہیں جبکہ باقی گھروں میں آئسولیٹ ہیں۔ سیکرٹری صحت نے بتایا کہ آزادکشمیر میں مثبت کیسز کی شرح دن بدن بڑھ رہی ہے۔ آزادکشمیر کے 95 فیصد ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین کی پہلی خوراک دی جا چکی ہے اور60فیصد ہیلتھ ورکرز کوویکسین کی دوسری خوراک دی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا اور سول سوسائٹی مل کر اس حوالہ سے شعور اجاگر کریں اور انٹری پوائنٹس پر سختی کی جائے۔اجلاس میں محکمہ صحت نے سفارش کی کہ کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال کی وجہ سے آزادکشمیر میں دو ہفتوں کا مکمل لاک ڈاؤن لگایا جائے‘ شرح 10فیصد سے زائد ہو تو لاک ڈاؤن ضروری ہوتا ہے جبکہ آزادکشمیر میں شرح اس سے کہیں زیادہ خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے۔ اس پر وزیراعظم نے کہاکہ لاک ڈاؤن کے حوالہ سے فیصلہ این سی او سی نے کرنا ہے، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چیف سیکرٹری، انتظامیہ اور متعلقہ ذمہ داران اس حوالہ سے مشاورت کے بعد تجاویز پیش کریں۔ لوگوں کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو کمشنرز نے اپنے ڈویژنز اور اضلاع میں کوروناوباء کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں