راجہ حیدرخان اور ان کے خاندان کا مسلم کانفرنس کی مضبوطی اور آبیاری میں بنیادی کردار رہا ہے، سردار عتیق احمد خان کا راجہ حیدر خان کی برسی پر پیغام

اسلام آباد، مظفرآباد (پی این آئی) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس ایک تاریخی عظیم روایات کی حامل جماعت ہے۔راجہ محمدحیدرخان اور ان کے خاندان کی مسلم کانفرنس کی مضبوطی اور آبیاری میں بنیادی کردار رہا ہے۔ راجہ حیدر خان کی بیگم محترمہ سیدہ خانم نے 1975میں مرد ممبران اسمبلی سے آگے بڑھ کر جمہوریت کا ساتھ دیا۔مسلم کانفرنس اپنے ان عظیم مشائرین کی خدمات سے استفادہ کرتی رہے گی۔ان خیالات کا اظہار مسلم کانفرنس کے سابق صدر ممتاز کشمیر ی رہنما راجہ حیدرخان کی 55ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ آزمائش وابتلاع کے دور میں راجہ لطیف خان اور مظفرآباد کے دیگر ممبران اسمبلی منشی علی گوہر، پیرسیدبنیاد علی گیلانی،خواجہ عثمان ودیگر نے مسلم کانفرنس کو مظفرآباد ڈویژن میں مضبوط بنیادیں فراہم کی تھیں۔ اس وقت آزادکشمیر کے دیگر علاقوں کے لوگوں کی نظریں مظفرآباد میں مسلم کانفرنس کے مضبوط گڑھ کی طرف مرکوز ہوتی تھی۔سردارعتیق احمدخان نے راجہ حیدرخان کی جماعتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے نقشے قدم پر چلنے کااعادہ کیا۔ راجہ حیدر خان نے ہمیشہ ریاست اور ریاستی عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائے رکھا۔انہوں نے مزید کہا کہ راجہ حیدرخان نے حکومت چھوڑ کر مسلم کانفرنس کو اپنا اوڑھنا اور بچھونا بنایاتھا لیکن بدقسمتی سے ان کی سیاسی جانشینوں نے مسلم کانفرنس توڑ کر حکومت عارضی اقتدار کوترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس حالات واقعات کے گرداب سے نکل کر اب تیزی سے ترقی کی طرف گامزن ہے۔وقت آئے گا کہ سارے لوگ راجہ حیدرخان کے راستے کا انتخاب کریں گے۔ سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ مسلم کانفرنس ہمارے آباؤ اجداد اور اسلاف کی نشانی ہے جسے ہم دل وجان سے عزیز سمجھ کر پروان چڑھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ماضی میں کسی بھی طرح مسلم کانفرنس کا حصہ رہے ہیں وہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔راجہ حیدرخان کی بیوہ محترمہ سیدہ خانم کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 1975میں ایف ایس ایف کی للکار اور دھمکیوں کو پرواہ نہ کرتے ہوئے مجاہد اول سردارمحمدعبدالقیوم خان نے مردانہ وار مقابلہ کر کے راجہ حیدرخان کے روح کو خوش کردیاتھا۔ہمارے لیے راجہ حیدرخان اور ان کی اہلیہ محترمہ کا یہ کردار بڑا اثاثہ ہے جسے ہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ کارکنان مسلم کانفرنس اپنے اپنے گھروں میں سابق صدر مسلم کانفرنس راجہ محمدحیدرخان کے ایصال ثواب کے لیے گھروں میں قرآن خوانی اورفاتحہ خوانی کا اہتمام کریں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close